Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نیلوفر ہاسپٹل ، بستر کم مریض زیادہ

نیلوفر ہاسپٹل ، بستر کم مریض زیادہ

طبی آلات ازکار رفتہ ، اسٹاف کام کے بوجھ سے نڈھال
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : نیلوفر ہاسپٹل میں صرف پانچ سو بستر ہیں جب کہ روزانہ تقریبا 8 سو مریضوں کا روز کی اساس پر علاج ہورہا ہے ۔ بارش کے موسم کے دوران مریضوں کی تعداد روزانہ بڑھ کر ایک ہزار ہورہی ہے ۔ اس طرح پانچ سو بستر کی گنجائش والے ہاسپٹل میں روزانہ 14 سو مریضوں کا علاج ہورہا ہے ۔ اسٹاف تھکا ماندہ نظر آتا ہے ۔ طبی آلات ازکار رفتہ ہوچکے ہیں اور کام کرنے کی طبی عملہ میں ہمت نہیں رہی ۔ وارڈ بوائز شکوہ کررہے ہیں کہ کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے اجرتیں کم دی جارہی ہیں ۔ بستر بھی کم ہیں اور بیڈ شیٹس بھی کم پڑ رہی ہیں ۔ بارش کا موسم شروع ہونے کے بعد سے ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ دواخانہ میں 240 وارڈ بیڈس کے ساتھ چھ پیڈیاٹرک وارڈس ہیں ۔ اس کے علاوہ 180 جنرل وارڈ بیڈس اور 60 ایمرجنسی بیڈس ہیں ۔ ہاسپٹل کے ایک سینئیر ڈاکٹر نے کہا کہ علاج کیلئے آئے مریضوں سے واپس جاؤ نہیں کہا جاسکتا ۔ ان کیلئے بستر کی فراہمی کے سواء کوئی اور چارہ کار نہیں ہے ۔ ایک بستر پر دو دو بچوں کو جگہ فراہم کی جارہی ہے ۔ بیشتر ماں باپ اپنے بچوں کو زیر سماں لیے بیٹھے ہیں ۔ سپرنٹنڈنٹ نیلوفر ہاسپٹل ڈاکٹر سریش نے اعتراف کیا کہ مریضوں کی تعداد بستروں کی تعداد سے بڑھ گئی ہے ۔ ہم کوئی حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہاسپٹل میں نیا بلاک زیر تعمیر ہے یہ ہنوز مکمل نہیں ہوا ہے ۔ دواخانہ سے رجوع ہورہے زیادہ تر بچے بخار کھانسی دست و قے سے متاثر ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT