Monday , April 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ نے ہندوستان سے دوسرا مقام چھین لیا

نیوزی لینڈ نے ہندوستان سے دوسرا مقام چھین لیا

دبئی ۔ 15فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹوئنٹی20 درجہ بندی پاکستانی ٹیم بدستور سرفہرست ہے لیکن 122 نشانات کے ساتھ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے محض ایک نشان کے فرق سے ہندوستان سے دوسرا مقام چھین لیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹوئنٹی20 سیریز میں کامیابی کی بدولت اپنے سرفہرست مقام کو دوبارہ یقینی بنایا ۔ہندوستان کو 121 نشانات کے ساتھ تیسرا جبکہ آسٹریلیا کو بھی121 نشانات کے ساتھ چوتھا نمبر حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 115 نشانات کی بدولت پانچویں نمبر پر فائز ہے جبکہ 112 نشانات کے ساتھ جنوبی افریقہ کا چھٹا اور تین درجے تنزلی کا سامنا کرنے والی انگلش ٹیم کا ساتواں نمبر ہے جسے حالیہ ٹرائی سیریز میں منفی نتائج کا سامنا رہا اور تین متواتر ناکامیوں نے اسے چوتھے نمبر سے نیچے ساتویں نمبر پر دھکیل دیا۔افغانستان نے بنگلہ دیش کے بعد سری لنکا کو بھی اعشاریہ کے فرق سے پیچھے چھوڑتے ہوئے آٹھواں مقام حاصل کرلیا ہے حالانکہ دونوں ٹیموں کے نشانات کی تعداد یکساں 88 ہے۔ واضح رہے کہ تازہ ترین ٹوئنٹی20 درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کو بھی ایک درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ گیارہویں اور زمبابوے کی ٹیم بارہویں نمبر پر اکتفا کرنے پر مجبور ہوئی جس کے نشانات کی تعداد محض 61 تک محدود ہے۔ واضح رہے کہ ٹرانس ٹیسمین ٹرائی سیریز کے فائنل کے بعد ٹیموں کے مقامات میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT