Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / نیوزی لینڈ کا مکمل صفایا،3-0 سے سیریز ہندوستان کے نام

نیوزی لینڈ کا مکمل صفایا،3-0 سے سیریز ہندوستان کے نام

۔27 وکٹوں کے ساتھ اشون مین آف دی میچ اور سیریز

اندور۔ 11 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون کی ایک اور شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کا رواں سیریز میں مکمل صفایا کرتے ہوئے تین مقابلوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔ اندور ٹسٹ کے چوتھے دن ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلہ میں 321 رنز کی کامیابی حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کی جو کہ ریکارڈ 475 رنز کے نشانہ کا تعاقب کر رہی تھی ، وہ محض 44.5 اوورس میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ اندور کے ہاکر اسٹیڈیم میں اشون نے دوسری اننگز میں بھی ایک شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 30 سالہ اشون نے 140 رنز کے عوض مقابلہ میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیریز میں انہوں نے مجموعی طور پر 27 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مقابلے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے آج اپنی دوسری اننگز بغیر کسی وکٹ کے 18 رنز کے آگے کھیلنا شروع کیا اور چیٹیشور پجارا کے ناقابل تسخیر 101 جبکہ ٹیم میں واپسی کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر کی نصف سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنانے کے بعد چائے کے وقفہ سے قبل اپنی دوسری اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ ٹیم کے بیٹسمین اشون کی بولنگ کے خلاف تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے اور ساری ٹیم تین گھنٹوں کے اندر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد ملک میں پہلے ہی تہوار کا ماحول ہونے کے ساتھ شائقین کو جشن منانے کا ایک اور موقع مل گیا۔ ہندوستانی کوچ انیل کمبلے اور ان کا تمام عملہ ڈریسنگ روم میں اس وقت ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے۔ جب اشون نے نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ ٹرینٹ بولٹ کی شکل میں اپنی ہی بولنگ پر کیچ آؤٹ کرتے ہوئے حاصل کی۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کا کوئی بیٹسمین مزاحمتی مظاہرہ نہیں کر پایا۔ سیریز میں مکمل ناکام رہنے والے سابق کپتان راس ٹیلر 25 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیزرفتار 32 رنز بنائے جو کہ مہمان ٹیم کا  انفرادی اعظم ترین اسکور رہا۔ مارٹن گپٹل (29) ، کین ولیمسن (27) اور بی جے واٹلنگ نے ناقابل تسخیر 23 رنز بنائے لیکن کوئی بھی بیٹسمین شکست کو ٹالنے میں ہندوستانی بولروں کیلئے پریشانی کا باعث نہیں بنا۔ تین مقابلوں کی سیریز میں ہندوستانی اسپنرس کا غلبہ رہا ، جیسا کہ مہمان ٹیم کی 60 وکٹوں میں 41 وکٹیں اشون اور جڈیجہ نے حاصل کی۔ اشون نے اپنے 39 ویں ٹسٹ میں چھٹی مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرنے کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے کانپور میں پہلا ٹسٹ 197 رنز اور کولکتہ میں دوسرا ٹسٹ 178 رنز سے اپنے نام کرتے ہوئے پہلے ہی سیریز پر قبضہ کرلیا تھا اور یہ مقابلہ سیریز پر کسی بھی طریقہ سے اثرانداز ہونے والا نہیں تھا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے اس کامیابی کے ذریعہ عالمی درجہ بندی میں اپنے پہلے مقام کو مزید مستحکم کرلیا ہے ۔ جیسا کہ دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کے بعد اس نے پہلے مقام سے مصباح الحق کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم کو بیدخل کیا تھا، اندور میں کامیابی کے بعد نمبر ایک ٹیم کا انعام سنیل گواسکر کے ہاتھوں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے حاصل کیا۔

TOPPOPULARRECENT