Sunday , November 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ کوشکست،پاکستان کا عالمی ریکارڈ

نیوزی لینڈ کوشکست،پاکستان کا عالمی ریکارڈ

دبئی ۔3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے اس مختصر طرز کی کرکٹ میں کئی نئے عالمی ریکارڈز قائم کر دیے۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے ہی عالمی ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے لگاتار 11ویں ٹی 20 سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ دو سال قبل ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے سرفراز احمد کے زیر قیادت پاکستانی ٹیم ٹی 20 کرکٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور دو سال سے کوئی بھی سیریز نہیں ہاری۔ یہ پاکستان کی نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے لگاتار 11ویں ٹی 20 میچ میں فتح ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور ہدف کے تعاقب میں آج تک کوئی بھی ٹیم لگاتار اتنی فتوحات حاصل نہیں کر سکی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں کامیابی پاکستان کی رواں سال ٹی 20 میں 16ویں فتح ہے اور ایک سال میں سب سے زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔ پاکستان نے اس کے ساتھ ٹی 20 کرکٹ میں اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرتے ہوئے لگاتار آٹھویں فتح بھی حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 20 رنز دیتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شاہین آفریدی نے عمدہ کارکردگی سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 19سال سے کم عمر کسی بھی بولر کی بہترین بولنگ ہے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔ اس کے ساتھ ہی 3میچوں کی سیریز اپنے نام کر کے مسلسل 11ویں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز بھی جیت لی۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنائے۔154 رنز کا تعاقب میں جب آخری اوور میں جیت کیلئے 7رنز درکار تھے چوتھی گیند پر محمد حفیظ نے چوکا لگایا اور پاکستان نے 154/4کے ساتھ کامیاب رہا۔

TOPPOPULARRECENT