Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / نیوزی لینڈ کی کمسن ترین خاتون وزیراعظم جیسنڈرا کی حلف برداری

نیوزی لینڈ کی کمسن ترین خاتون وزیراعظم جیسنڈرا کی حلف برداری

مخلوط کابینہ 28 وزراء پر مشتمل ہوگی ‘ 26 اکٹوبر کو اعلان ‘ نیوزی لینڈ میں مخلوط حکومت کا قیام
آکلینڈ ۔ 22اکٹوبر ( سید مجیب کی رپورٹ ) نیوزی لینڈ کی کمسن ترین خاتون وزیراعظم جیسنڈرا ایلڈرن جن کی عمر 37سال ہے 25اکٹوبر کو مخلوط حکومت کی وزیراعظم کی حیثیت سے تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گی ‘ جبکہ 26اکٹوبر کو ان کی 28رکنی کابینہ کے وزراء کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں 120 نشستیں ہیں ‘ کسی بھی سیاسی پارٹی کو قطعی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی ‘ اس لئے لیبر پارٹی کی سربراہ جیسنڈرا ایلڈرن نے نیوزی لینڈ فرسٹ اور ایک چھوٹی سیاسی پارٹی گرین سے اتحاد کرتے ہوئے مخلوط حکومت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ جیسنڈرا ایلڈرن نیوزی لینڈ کی تیسری خاتون وزیر اعظم ہیں جب کہ وہ اس ملک کی کمسن ترین وزیر اعظم بھی ہوں گی ۔ قبل ازیں لیبر پارٹی کی سربراہ ہیلن کلارک ایک اور خاتون وزیراعظم رہ چکی ہیں لیکن کوئی بھی 37سال سے کم عمر کی نہیں تھیں ۔ جیسنڈرا کو حکومت کے برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آئیں گی کیونکہ نیوزی لینڈ فرسٹ پارٹی کے سربراہ پیٹر مہاجرین کے نیوزی لینڈ آنے اور یہاں جائیداد خریدنے کے سختی سے مخالف ہیں جب کہ گرین پارٹی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ جیسنڈرا کی مخلوط حکومت میں دونوں پارٹیاں شامل ہیں ۔ تاہم پیٹر ایک سال بعد سیاسی کریئر سے سبکدوش ہوجائیں گے ‘ چنانچہ ان کی مخآلفت میں شدت کا امکان نہیں ہے ۔ جیسنڈرا نے انہیں نائب وزیراعظم کے عہدہ کا پیشکش بھی کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT