Saturday , November 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ ۔پاکستان آج پہلا ونڈے

نیوزی لینڈ ۔پاکستان آج پہلا ونڈے

ابوظہبی۔6 نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف کل یہاں ونڈے سیریز کے پہلے ہی مقابلے سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم فٹنس مسائل میں گھر گئی اور ایک کھلاڑی سیریز سے باہر جبکہ دوسرے کی شرکت غیر یقینی نظر آرہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹسمین کورے اینڈرسن زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ اینڈرسن کو ایڑھی میں تکلیف کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی نہیں کھلایا گیا تھا جبکہ انہیں اب واپس نیوزی لینڈ روانہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب آل راؤنڈر ٹوڈ ایسٹل کی بھی ونڈے سیریز میں شرکت غیر یقینی نظر آرہی ہے۔ ٹوڈ ایسٹل کو گھٹنے میں درد کے مسائل کا سامنا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ انہوں پاکستان کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ اپنے اسکواڈ کو پورا کرنے کے لیے کیوی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنا کرئیر شروع کرنے والے اسپنر اعجاز پٹیل کو ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔اس کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ بولر لوکی فرگیسن اور بیٹسمین جارج ورکر کو بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کین ولیمسن (کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، کالن ڈی گرینڈہوم، لوکی فرگیسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کالن منرو، ہنری نکولس، اعجاز پٹیل، اش سودھی، ٹیم ساؤٹھی، روس ٹیلر، بی جے واٹلنگ اور جارج ورکر شامل ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 نومبر کو اور دوسرا میچ 9 نومبر کو ابو ظہبی اور تیسرا میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہے اوروہ ایشیا کپ کی ناقص کارکردگی کا ازالہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف نہ صرف ونڈے سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہے بلکہ ورلڈ کپ سے قبل وہ اپنے قطعی کھلاڑیوں کے متعلق فیصلے کرنے کے لئے کوشاں ہے۔پاکستانی ونڈے ٹیم میں اوپنر امام الحق اور محمد حفیظ کی واپسی کے علاوہ جنید خان بھی شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT