Thursday , January 18 2018
Home / ہندوستان / نیوکلیئر معاہدہ اور دیگر دفاعی مسائل پر بات چیت

نیوکلیئر معاہدہ اور دیگر دفاعی مسائل پر بات چیت

تیل اور گیس شعبہ میں تعاون سے اتفاق، صدر سری لنکا کی وزیراعظم سے ملاقات

تیل اور گیس شعبہ میں تعاون سے اتفاق، صدر سری لنکا کی وزیراعظم سے ملاقات
نئی دہلی۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر سری لنکا مائتری پالا سری سینا نے آج باہمی سیول نیوکلیئر تعاون اور دیگر کلیدی دفاعی مسائل پر بات چیت کی۔ مرکزی وزیر برائے تیل و گیس دھرمیندر پردھان سے سری لنکا کے وزیر برائے توانائی پی سی رانا واکا نے ملاقات کی اور تیل اور گیس کے شعبہ میں دونوں ممالک کے تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا۔ صدر سری لنکا کا ، عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ اولین غیرملکی دورہ ہے۔ وہ چار روزہ دورہ پر کل ہندوستان پہونچے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ جامع مذاکرات کئے تاکہ باہمی معاشی تعلقات میں اضافہ کیا جاسکے۔ حیدرآباد ہاؤز میں وزیراعظم نریندر مودی نے صدر سری لنکا سری سینا سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے قائدین نے باہمی معاشی تعلقات میں اضافہ اور چار معاہدات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ چاروں معاہدوں بشمول سیول نیوکلیئر تعاون، ثقافت اور زراعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امن اور مفاہمت کے طریقہ کار پر جو سری لنکا میں جاری ہے، تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت دوپہر کے کھانے تک جاری رہی۔ ظہرانے کا اہتمام وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ سشما سوراج نے دورہ کرنے والے صدر سری لنکا سے ملاقات کی۔ صدارتی مشیروں کے بموجب جو کولمبو میں ہیں، کہا کہ 63 سالہ سری سینا جنہیں مہندا راجہ پکسا نے ان کے 10 سالہ دورِ اقتدار سے قبل اقتدار سے بے دخل کردیا تھا، سخت مسابقتی صدارتی انتخابات میں 9 جنوری کو دوبارہ برسراقتدار آئے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہند ۔ سری لنکا تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جائے۔ ہندوستان کو امید ہے کہ سری لنکا کی نئی حکومت ملک کو حقیقی اور موثر مفاہمت کی بنیاد پر ترقی دے گی اور تمام طبقات کے درمیان خیرسگالی پیدا کرے گی۔ ہندوستان تفویض اختیارات کے بارے میں سری لنکا کے دستور میں تیرہویں ترمیم پر عمل آوری کیلئے عرصہ سے دباؤ ڈال رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT