Monday , May 28 2018
Home / Top Stories / نیویارک ٹائمز کا مدھوبالا کو زبردست خراج عقیدت

نیویارک ٹائمز کا مدھوبالا کو زبردست خراج عقیدت

نیویارک ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک معروف اخبار نے اپنے ایک خصوصی کالم میں دنیا کی تقریباً 15 اہم ترین خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دیئے اور اس فہرست میں بالی ووڈ کی اب تک کی خوبصورت ترین اداکارہ تصور کی جانے والی مرحومہ مدھو بالا کا نام بھی شامل ہے۔ نیویارک ٹائمز کے خصوصی نئے کالم Overlooked میں 15 خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جس کیلئے اخبار نے چند خصوصی سطور تحریر کرتے ہوئے یہ بھی اعتراف کیا کہ 1851ء سے اخبار کے ’انتقال‘ والے کالم میں بھی سفید فام افراد ہی چھائے رہے لیکن اب دنیا کی 15 اہم ترین خواتین کو اس میں شامل کیا جارہا ہے۔ مدھوبالا کا اکثر و بیشتر ہالی ووڈ کی اپنے زمانے کی ’’ملکۂ المیہ‘‘ میریلین مونرو سے تقابل کیا جاتا ہے۔ مدھو بالا کے بارے میں نیویارک میں عائشہ خان نامی خاتون صحافی نے تفصیلات پیش کیں۔ مدھوبالا کا اصل نام ممتاز بیگم تھا۔ 1949ء میں جس وقت انہوں نے اشوک کمار کے ساتھ پہلی فلم ’’محل‘‘ میں کام کیا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 16 سال تھی۔ مدھو بالا کے قلب میں پیدائش کے وقت سے ہی سوراخ تھا جو اس زمانے میں ایک لاعلاج مرض تھا۔ ان کی زندگی میں بھی کافی المناک اتار چڑھاؤ آئے۔ دلیپ کمار (یوسف خان) سے محبت انہیں راس نہ آئی اور بعد میں انہوں نے گلوکار اداکار کشورکمار سے شادی کرلی لیکن وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ مدھوبالا کو امر، چلتی کا نام گاڑی، ہاف ٹکٹ، ہاؤڑہ برج، کالاپانی، برسات کی رات اور مغل اعظم جیسی فلموں کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اپنی 36 ویں سالگرہ منانے کے کچھ روز بعد ہی 23 فروری 1969ء کو ممبئی میں ان کا انتقال ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT