Wednesday , December 13 2017
Home / دنیا / نیپالی پارلیمنٹ میں دستور ترمیمی بل پیش

نیپالی پارلیمنٹ میں دستور ترمیمی بل پیش

عوامی احتجاج کے دوران حکومت نے دستور میں ترمیم کا بل پیش کردیا

کٹھمنڈو۔ 8جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نیپال نے آج دستور میں ترمیم کا بل پارلیمنٹ میں پیش کردیا تاکہ احتجاج کرنے والی مادھیسی  پارٹیوں کے مطالبات کی یکسوئی ہوسکے ۔ جبکہ اہم اپوزیشن سی پی این ۔ یو ایم ایل اور دیگر چھوٹی پارٹیوں نے احتجاج کیا ۔ یہ بل پارلیمنٹ کی سکریٹری میں 29نومبر 2016ء کو رجسٹرڈ کیا گیا تھا لیکن وزیراعظم پرچنڈا کی زیرقیادت مخلوط حکومت اس بل کو مسلسل رکاوٹوں کی بناء پر ایوان پارلیمنٹ میں پیش نہیں کرسکی تھی ۔ اہم اپوزیشن سی پی این ۔ یو ایم ایل اور دیگر 9 پارٹیوں کے اتحاد نے بل کی پیشکشی میں رکاوٹیں پیدا کی تھیں ۔ وزیر قانون ‘ انصاف و پارلیمانی اُمور اجئے شنکر نائیک نے بل حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیا ۔ اپوزیشن پارٹیوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بل قومی مفاد کے خلاف ہے چنانچہ اس سے دستبرداری اختیار کرنی چاہیئے ۔ اپوزیشن کے رکن پارلیمنٹ بطور احتجاج کھڑے ہوگئے تھے جب کہ وزیرقانون پارلیمنٹ میں بل پیش کررہے تھے ۔ بل کا مقصد احتجاج کرنے والی مادھیسی پارٹیوں اور دیگر نسلی گروپس بشمول شہریت اور سرحد کی ازسرنو حدبندی اور دیگر مسائل کی یکسوئی ہے ۔ صوبائی سرحد کی ازسرنو حدبندی اور شہریت کا مسئلہ دو بڑے مطالبات ہیں جو مادھیسی گروپ نے کئے ہیں ۔ مادھیسی پارٹیوں کے ارکان زیادہ تر ہندوستانی نژاد ہیں ۔ انہوں نے ستمبر 2015ء سے گذشتہ سال فبروری تک طویل احتجاج کیا ہے جس کے دوران 50افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ یہ احتجاج بھی چاروں طرف سے زمین سے گھرے ہوئے ملک کی معیشت کو مفلوج کرچکی ہے ۔ ہندوستان سے رسد کی سربراہی کی بھی ناکہ بندی کی گئی تھی ۔ پارلیمنٹ کا آئندہ اجلاس پیر کے دن سے مقرر ہے اور امکان ہے کہ دستور میں ترمیم کی مخالفت کرنے والی پارٹیاں اپنا احتجاج جاری رکھیں گی ۔


 بنگلہ دیش : ٹرین ۔ کار تصادم ‘5 افراد ہلاک

ڈھاکہ ۔ 8جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ایک ہی خاندان کے 5 افراد بشمول ایک خاتون اور بچے اس وقت ہلاک ہوگئے جب کہ کولکتہ جانے والی ٹرین کا ایک خانگی کار سے وسطی بنگلہ دیش میں تصادم ہوگیا ۔ مائتری ایکسپریس کا تصادم ریلوے کراسنگ پر 10:15بجے صبح غازی پور کا علاقہ کاٹیاکھیر کے قریب تصادم ہوگیا ۔ ٹرین کا ایک ڈبہ پٹریوں سے اُتر گیا اور مقام واردات سے ایک کلومیٹر کے فاصلہ پر دستیاب ہوا ۔ ایک اور خبر کے بموجب عینی شائدین نے کہا کہ کولکتہ جانے والی ٹرین کا کار سے تصادم ہوگیا جس کی وجہ سے کار اُلٹ گئی ۔ ایک ہی خاندان کے 5پانچ افراد بشمول 2خواتین ‘ 2بچے اور ایک مرد موقع واردات پر ہی ہلاک ہوگئے ۔

TOPPOPULARRECENT