Thursday , September 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / نیپال کو ونڈے موقف ،تاریخی کامیابی:کپتان پارس

نیپال کو ونڈے موقف ،تاریخی کامیابی:کپتان پارس

ہرارے۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام )نیپال کی کرکٹ ٹیم کے کپتان پارس کھڑکا نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا موقف کا حصول ان کے ملک کیلئے ایک تاریخی دن ہے ،برسوں کی محنت کے بعد آخرکار اس خواب کو حقیقت کا روپ مل گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاپوا نیو گنی کو چھ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد نیپالی ٹیم کے ہر کھلاڑی کی نگاہیں ہالینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ پر مرکوز تھیں کیونکہ ہانگ کانگ کی شکست ہی انہیں ونڈے کھیلنے والی 27 ویں ٹیم کا اعزاز دلا سکتی تھی۔ پارس کھڑکا کے مطابق ان کے تمام کھلاڑی اپنے کمروں میں بیٹھ کر انٹرنیٹ پر ہانگ کانگ اور ہالینڈ کا میچ دیکھ رہے تھے اور انہیں بابر حیات کی وکٹ گرنے کا انتظار تھا کیونکہ وہی ایک ایسے کھلاڑی تھے جو ہانگ کانگ کو فتح دلا سکتے تھے۔ ہانگ کانگ کی 44 رنز سے ناکامی نے نیپالی کھلاڑیوں کو پرجوش کردیا اور پارس کھڑکا بھی ساتھی کرکٹربسنتا ریگمی کے ساتھ فتح کے جشن میں شامل ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے اور اس خواب کے حقیقت بن جانے پر وہ سب بے پناہ خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ برسوں کی محنت رنگ لائی اور اب ان کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT