Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / وائس چانسلرس کے 2 روزہ اجلاس کا آج آغاز

وائس چانسلرس کے 2 روزہ اجلاس کا آج آغاز

ٹکنالوجی کی روایتوں کے تبادلے کے ذریعہ تدریس میں ارتقاء موضوع ۔ پروفیسر فرقان قمر

حیدرآباد، 27؍نومبر(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسوسئیشن آف انڈین یونیورسٹیز (اے آئی یو) کے وائس چانسلرس اجلاس 2016 کی میزبانی کرے گی۔ دو روزہ اجلاس کا 28؍ نومبر صبح 10:30 بجے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں آغاز ہوگا۔ پروفیسر فرقان قمر، سکریٹری جنرل ، اے آئی یو نے آج یونیورسٹی گیسٹ ہائوز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ، مہاراشٹرا ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ’’معلوماتی و ترسیلی ٹکنالوجی کی بہترین روایات کا تبادلہ – تدریس و مہارتوں کا ارتقاء‘‘ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے اگرچہ گذشتہ 70 برس میں تعلیم کے شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ وائس چانسلرس، معیار پر توجہ کے ساتھ تعلیم کے شعبہ میں مزید تیز رفتار ترقی کے طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وسطی زون وائس چانسلرس اجلاس کی افتتاحی تقریب میں پروفیسر ایچ پی ڈکشت ، سابق وائس چانسلر اگنو مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر ڈی ایس چوہان، صدر اے آئی یو ، صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر، مانو، خطبۂ استقبالیہ دیں گے اور پروفیسر فرقان قمر، سکریٹری جنرل، اے آئی یو، مہمانِ اعزازی ہوں گے۔ پروفیسر گھنٹہ رمیش، شعبۂ تعلیم و تربیت، مانو کانفرنس کے کو آرڈینیٹر ہیں۔ اس کے علاوہ شام 6بجے ایک کلچرل پروگرام ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں منعقد کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر رادھیکا چوپڑا، ممتاز غزل گلوکارہ اپنے فن کا جادو جگائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT