Tuesday , December 12 2017
Home / دنیا / وائٹ ہاؤز میں ’’یوم بھوت‘‘ کا اہتمام

وائٹ ہاؤز میں ’’یوم بھوت‘‘ کا اہتمام

واشنگٹن۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد پہلی بار وائیٹ ہاؤز میں ’’یوم بھوت‘‘ منایا گیا جہاں صدر نے تو کوئی ڈراؤنا حلیہ اختیار نہیں کیا بلکہ وہ اپنے روایتی سوٹ اور سرخ ٹائی میں ہی نظر آئے، البتہ انہوں نے خاتون اول میلانیا کیساتھ وائٹ ہاؤز میں مدعو تقریباً 6,000 بچوں اور دیگر افراد کیساتھ کافی دھوم دھام سے اس تقریب کو منایا۔ ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، میری لینڈ اور ورجینیا کے تقریباً 20 اسکولوں کے طلباء و طالبات بھی وہاں مسرور نظر آرہے تھے جس کا اہتمام وائٹ ہاؤز کے جنوبی سبزہ و زار پر کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں امریکی فوجی عہدیداروں کے ارکان خاندان بھی ہالووین ایو میں شریک تھے۔ لاؤڈ اسپیکرس پر ڈراؤنی موسیقی بجائی جارہی تھی اور مشینوں سے دھند کے مرغولے چھوڑے جارہے تھے جبکہ بڑے بڑے کدوؤں کو سابق امریکی صدور کی شکلوں میں تراشا گیا تھا جنہیں وائٹ ہاؤز کے جنوبی باب الداخلہ کے اوپر آویزاں کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ’’ہالووین ایٹ دی وائٹ ہاؤز2017ء‘‘ کا بورڈ بھی نصب کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT