Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس قائدین کے انتخاب پر خواتین کو گھریلو صنعتیں اور نوجوانوں کو روزگار

وائی ایس آر کانگریس قائدین کے انتخاب پر خواتین کو گھریلو صنعتیں اور نوجوانوں کو روزگار

بورا بنڈہ میں جناب عامر علی خاں کا پیدل دورہ ، جلسہ عام سے خطاب ، سینکڑوں مرد و خواتین کی شرکت

بورا بنڈہ میں جناب عامر علی خاں کا پیدل دورہ ، جلسہ عام سے خطاب ، سینکڑوں مرد و خواتین کی شرکت

حیدرآباد۔ 23؍مارچ (سیاست نیوز)۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے آج حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے تحت بورابنڈہ ڈیویژن کے مختلف مقامات کا پیدل دورہ کیا۔ دورہ کے دوران وائی ایس آر سی پی قائدین نے عوام سے جگہ جگہ ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے آگہی حاصل کی۔ اس دورہ کا آغاز بورابنڈہ بس اسٹاپ سے ہوا اور اختتام این آر آر پورم سائیٹ۔III پر ہوا جہاں پر بعد ازاں ایک جلسہ عام منعقد ہوا جس سے جناب عامر علی خان کوآرڈینیٹر حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مخاطب کرتے ہوئے عوام کو اس بات کا تیقن دیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین کے انتخاب پر اندرون 100 یوم گھریلو خواتین کو خود روزگار سے جوڑنے کے لئے کم خرچ پر زائد آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کے لئے چھوٹی گھریلو صنعتیں قائم کی جائیں گی، جس سے وہ اپنی معاشی حالت کو مستحکم بناسکیں گی۔ انھوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لئے خانگی ہو یا سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے بھرپور مدد کی جائے گی۔ جناب عامر علی خان نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے سیاسی قائدین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 سال سے کئی قائدین آئے اور گئے، لیکن وہ اپنے وعدوں میں ناکام ثابت ہوئے۔

جناب عامر علی خان نے پُرہجوم وائی ایس آر سی پی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق اُردو روزنامہ ’سیاست‘ سے ہے۔ دفتر ’سیاست‘ 24 گھنٹوں میں 20 گھنٹے ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔ ان اوقات کے دوران کئی بے یار و مددگار لوگ دفتر سے رجوع ہوکر اپنی فریادیں پیش کرکے زار و قطار روپڑتے ہیں۔ دفتر ’سیاست‘ کی جانب سے کئی فلاحی، سماجی، ملی اور تعلیمی خدمات انجام دی جارہی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی بدستور جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان کا اصل مقصد قوم کی خدمت ہے۔ اگر لوگ وائی ایس آر سی پی کے قائدین کو منتخب کرتے ہیں تو یہ قائدین عوام کے مسائل کے حل کے لئے ان کی دہلیز تک پہنچیں گے۔ عوام کو دفتر ’سیاست‘ تک آنے کی زحمت نہیں کرنی پڑے گی۔ کوآرڈینیٹر وائی ایس آر کانگریس پارٹی حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد جناب عامر علی خان نے کہا کہ اگر وائی ایس آر سی پی قائد کے امیدوار کا انتخاب حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد سے ہوتا ہے تو پارلیمنٹ کا بجٹ منتخب رکن کے لئے جو کچھ بھی مختص ہو، وہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

یہی نہیں بلکہ اپنی جانب سے بھی کئی فلاحی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انھوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ قائدین کے جھوٹے وعدوں اور فریبی تقاریر کا شکار نہ ہوں بلکہ اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دے کر حقیقی خدمت گزاروں کو منتخب کریں۔ انھوں نے اپنے سلسلہ تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مختلف پارٹیوں کے قائدین اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کیلئے کئی طرح کے وعدے کررہے ہیں جوکہ بے وفا ثابت ہوں گے۔ اس جلسہ کے موقع پر وائی ایس آر سی پی کے دیگر قائدین مسرس کوٹم ریڈی ونئے ریڈی، محمد دستگیر صدر بورابنڈہ ڈیویژن کے علاوہ محترمہ شمیم، چندر شیکھر ریڈی، انجم ناز، سمترا، سنتوشی، دیوامنی گوڑ، لکشمی، جمیل، مہیش، اسماء، میری، رخسانہ، مجید، قادر اور دیگر کے علاوہ عوام بالخصوص برقعہ پوش خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ابتداء میں وائی ایس آر سی پی قائدین کا ڈیویژن کے لوگوں نے والہانہ خیرمقدم کیا اور ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں کوٹم ریڈی ونئے ریڈی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

TOPPOPULARRECENT