Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو آئندہ انتخابات میں 137 نشستیں حاصل ہونے کا دعویٰ

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو آئندہ انتخابات میں 137 نشستیں حاصل ہونے کا دعویٰ

سنکلپ یاترا کے 200 کیلو میٹر مکمل ، وائی ایس جگن موہن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے 200 کیلو میٹر کی پدیاترا مکمل کرنے کے بعد کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کو 137 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ واضح رہے کہ 6 نومبر سے قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی نے سنکلپ پدیاترا کا آغاز کیا ہے جو آج 200 کیلو میٹر کا سفر مکمل کرلی ہے ۔ انہوں نے اپنی پدیاترا کے دوران سماج کے مختلف طبقات کے عوام سے ملاقات کی ان کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے تمام مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 2018 یا 2019 جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بڑی آسانی سے 135 تا 137 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا عوام سے وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا گیا تاہم 4 سال کی تکمیل کے باوجود آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے میں تلگو دیشم حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ گھر میں ایک فرد کو ملازمت دینے بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا ۔ اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ہے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ تلگو دیشم حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ نوجوان ، خواتین بڑے پیمانے پر ان سے رجوع ہوتے ہوئے اپنے اپنے مسائل پیش کررہے ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت کے خلاف عوام کی کتنی ناراضگی ہے ۔ غریبوں کے لیے بھروسہ ثابت ہونے والی آروگیہ شری اسکیم کو تلگو دیشم حکومت نے بے جان بنادیا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد معمرین کے جوڑوں کے درد اور آپریشن جیسی سہولت کو آروگیہ شری اسکیم میں شامل کیا جائے گا ۔ اور انہیں تین ماہ کی مفت ادویات دی جائے گی ۔ راشن شاپس کے ذریعہ 9 اشیاء ضروریہ تقسیم کی جائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT