Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس کی انتخابی مہم کو قطعیت

وائی ایس آر کانگریس کی انتخابی مہم کو قطعیت

جگن ، وجیماں اور شرمیلا سرگرم حصہ لیں گے

جگن ، وجیماں اور شرمیلا سرگرم حصہ لیں گے

حیدرآباد۔/8اپریل، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وائی ایس جگن موہن ریڈی، وائی ایس وجیماں اور شرمیلا کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذرائع کے مطابق پارٹی صدر جگن موہن ریڈی 11اپریل کو کرنول سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ 11اور 12اپریل کو کرنول ضلع کے مختلف لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے جبکہ 13اور 14اپریل کو وہ اننت پور ضلع میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جگن 15اور 16اپریل کو کڑپہ ضلع کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں مہم چلائیں گے۔ شریمتی وائی ایس وجیماں 10اپریل کو گنٹور ضلع سے پارٹی انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔ وہ 10، 11اور 12اپریل کو گنٹور کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کریں گی۔ 13اور 14اپریل کو ضلع کرشنا اور 15 اور 16اپریل کو مغربی گوداوری ضلع کے لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے۔ وائی ایس شرمیلا 10اپریل کو سکندرآباد سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔ وہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں پارٹی امیدواروں کے حق میں مہم چلائیں گی۔ 10تا16اپریل وہ سکندرآباد، ملکاجگیری، نلگنڈہ، کھمم اور محبوب آباد پارلیمانی حلقوں کے تحت آنے والے اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ میں انتخابی مہم کی ذمہ داری شرمیلا کو دی گئی ہے۔ ان کے ساتھ تلنگانہ قائدین پر مشتمل انتخابی مہم کمیٹی کے ارکان دورہ میں شامل ہوں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT