Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس کے مزید دو ارکان اسمبلی کی تلگو دیشم میں شمولیت

وائی ایس آر کانگریس کے مزید دو ارکان اسمبلی کی تلگو دیشم میں شمولیت

11 اپریل کو جئے نہرو بھی وائی ایس آر سی پی سے منحرف ہوں گے
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مزید 2 ارکان اسمبلی نے آج تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ 11 اپریل کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئیر رکن اسمبلی جے نہرو بھی تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو آندھرا پردیش میں متواتر جھٹکے لگنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ پارٹی ارکان اسمبلی کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے سے روکنے میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی پوری طرح ناکام ہورہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے بموجب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے بیشتر قائدین جگن موہن ریڈی کے رویہ سے ناراض ہیں ۔ پارٹی سے مستعفی ہو کر تلگو دیشم میں شامل ہونے والے کئی ارکان اسمبلی نے الزام عائد کیا پارٹی میں جمہوریت کا فقدان ہے اور اظہار خیال کی کوئی آزادی نہیں ہے ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین کو اعتماد میں لیے بغیر من مانی فیصلے کرتے ہیں جس سے ارکان اسمبلی اپنے عزت و نفس کے لیے تلگو دیشم میں شامل ہورہے ہیں ۔ تلگو سال نو اگادی کے موقع پر آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مزید دو ارکان اسمبلی مسٹر وی سباراؤ اور مسٹر سنیل کمار نے اپنے حامیوں کے ساتھ صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں ان کی کوئی عزت و احترام نہیں ہے اور نہ ہی پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں کوئی اہمیت دی جارہی ہے ۔ اپنے حامیوں سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد وہ تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہورہے ہیں تاکہ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کو ترقی دی جاسکے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرسکے ۔۔

TOPPOPULARRECENT