Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پدیاترا عوامی جدوجہد میں تبدیل

وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پدیاترا عوامی جدوجہد میں تبدیل

پولاورم پراجکٹ کی تعمیر میں تاخیر ، چیف منسٹر سے استفسار ، بی راجندر ناتھ کا بیان
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی رکن اسمبلی مسٹر بی راجیندر ناتھ نے کہا ہے کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پدیاترا عوامی جدوجہد میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چندرابابو نائیڈو کی زیرقیادت حکومت پر عوام کو بھروسہ نہ رہنے اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے خاندان پر پائی جانے والی عوامی ہمدردیاں اس مثبت ردعمل کی اہم وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے تمام کلیرنس ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور اقتدار میں حاصل ہوئی تھیں ۔ رکن اسمبلی نے دریافت کیا کہ سال 2014 ء تا 2016 ء تک چندرا بابو نائیڈو نے کیوں خاموشی اختیار کی اور پٹی سیما سے قبل پولاورم پراجکٹ کے کاموں کا آغاز کیوں نہیں کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں ریاست کی حکمرانی کرنے کیلئے عوام نے اقتدار سونپا لیکن مسٹر چندرا بابو کا ہر پیر کے دن سپرنٹنڈنٹ کی طرح پولاورم کا دورہ کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ علاوہ ازیں ایک انجنیئر کرنے کا کام چیف منسٹر کرنا معنی خیزہے ۔ مسٹر راجندر ناتھ نے کہا کہ صرف اور صرف اپنے کاروباری مفادات کیلئے ہی خفیہ معاہدات کرلئے گئے اور سنگاپور حکومت سے معاہدات کئے جانے کا اظہار کرنا بالکلیہ طور پر جھوٹ پر مبنی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی رکن اسمبلی نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو گمراہ کرنے کے ماہر ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT