Saturday , December 15 2018

وارانسی میں پولنگ کے دوران مودی کی تصاویر کاٹیلی کاسٹ

میڈیا گھرانوں کے خلاف الیکشن کمیشن کی عدم کارروائی پر عام آدمی پارٹی کی تنقید

میڈیا گھرانوں کے خلاف الیکشن کمیشن کی عدم کارروائی پر عام آدمی پارٹی کی تنقید

وارانسی۔12مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج پولنگ کے دوران نریندر مودی کی تصویر کا ویڈیو دکھانے والے میڈیا گھرانوں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی اور اس کے رویہ کو’’ شطرمرغ‘‘ کی مثال دیتے ہوئے چشم پوشی قرار دیا ۔ عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو موسومہ اپنے مکتوب میں کہا کہ ’’ سارا ہندوستان جانتاہے کہ مودی وارانسی سے مقابلہ کررہے ہیں اور اج ان کی تصویر نشر کرنا دراصل وارانسی کے رائے دہندوں پر اثراندام ہونے کی کوشش ہیں ۔ عام آدمی پارٹی توقع کرتی ہے کہ اس کی یہ شکایت الیکشن کمیشن کو اس کی’’ غفلت سے بیدار‘‘ کرے گی اور عوام فی الفور کارروائی دیکھیں گے ۔ میڈیا گھرانوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق بدترین خلاف ورزی اور اس پر الیکشن کمیشن کے’’ شترمرغ‘‘ جیسا انداز فکر کو دیکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو سخت صدمہ پہنچا ہے کیونکہ بعض ٹیلی ویژن چینلوں نے نریندر مودی کی تصاویر کو رواں نشر کیا تھا ۔عام آدمی پارٹی نے اس واقعہ پر کمیشن سے سخت اور مثالی کارروائی کے بغیر اختیار کیجانے والی خاموشی پر سوال اٹھایا ۔ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ انتخابی ضابطہ اخلاق ہندوستان کے تمام شہریوں پر لاگو ہوتا ہے اور میڈیا گھرانوں کو بھی کوئی استثنیٰ نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن نے خاطی میڈیا گھرانوں کے خلاف از خود کارروائی نہ کرتے ہوئے اپنی چشم پوشی اور پہلو تہی کا مظاہرہ کیا ہے ‘‘ ۔ مکتوب میں کہا کہ ’’ انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن آزاد و غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کا فرض ادا کرنے کا پابند ہوتا ہے پھر کیا وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان میڈیا گھرانوں کے خلاف فی الفور کوئی نوٹس جاری نہیں کی ۔ اس خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کیوں خاموش ہے ‘‘ ۔ امیدوار نریندر مودی نے آج وارانسی میں جاری پولنگ کے دوران اپنے پیغام میں ہندوؤں کے مقدس شہر وارانسی کی گنگا جمنی تہذیب کا حوالہ دیاتھا اور رائے دہندوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے ووٹوں کے ذریعہ اتحاد و ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں ۔ مودی نے کہا ’’ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آخری مرحلہ میں بھی وہ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ ووٹ ڈالیں جس کا انہوں نے تاحال مظاہرہ کیا ہے ۔ کاشی میں میرے بھائیو اور بہنو ‘ کاشی کی عزت اسکے امن اتحاد وہم آہنگی میں ہے ۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے رہنا ہے اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT