Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / وارثی برادران کو اندرون ہفتہ ایک لاکھ روپئے انعام دینے حکومت پر زور

وارثی برادران کو اندرون ہفتہ ایک لاکھ روپئے انعام دینے حکومت پر زور

تین نسلوں سے فن قوالی کی خدمت کرنے والے خاندان کو نظر انداز کیے جانے پر برہمی وارثی خاندان کی حوصلہ افزائی میں ناکامی پر خود ایک لاکھ روپئے انعام دینے جناب زاہد علی خاں کا اعلان

تین نسلوں سے فن قوالی کی خدمت کرنے والے خاندان کو نظر انداز کیے جانے پر برہمی
وارثی خاندان کی حوصلہ افزائی میں ناکامی پر خود ایک لاکھ روپئے انعام دینے جناب زاہد علی خاں کا اعلان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( نمائندہ خصوصی ) : جشن تلنگانہ کے دوران ریاستی حکومت نے بے شمار آرٹسٹوں کو ایک ایک لاکھ روپئے کے نقد انعامات عطا کئے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہندوستان بالخصوص حیدرآباد میں فن قوالی کو بام عروج پر پہنچانے والے وارثی خاندان کو نظر انداز کردیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے دور درشن یادگیری حیدرآباد کی جانب سے روزنامہ سیاست اور سماج درپن کے تعاون و اشتراک سے منعقدہ محفل سماع کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا ۔ یہ محفل جشن تلنگانہ کے ضمن میں بھارتیہ ودیا بھون آڈیٹوریم کنگ کوٹھی حیدرآباد میں منعقد ہوئی جس میں حیدرآباد میں قوالی کی پہچان وارثی برادران نے ساز پر تقریبا دو گھنٹوں تک کلام پیش کیا ۔ اگرچہ اس محفل میں ریاست تلنگانہ کے مشیر برائے تہذیبی امور ڈاکٹر کے وی رمنا چاری کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی ۔ جناب زاہد علی خاں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جشن تلنگانہ کے موقع پر دوسرے آرٹسٹوں کو ایک ایک لاکھ روپئے دئیے گئے لیکن ساری دنیا میں اپنے منفرد انداز کے ذریعے ایک علحدہ پہچان بنانے والے عزیز احمد خاں وارثی کے خاندان کو فراموش کردیا گیا ۔ حالانکہ تین پیڑھیوں سے یہ خاندان فن قوالی کی خدمت کرتا آرہا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ انہوں نے اس محفل سماع میں شرکت کی دعوت اس لیے قبول کی کیوں کہ ڈاکٹر کے وی رمنا مشیر تہذیبی امور شرکت کرنے والے ہیں ۔ دراصل وہ انہیں وارثی برادران سے ہوئی نا انصافی سے واقف کروانا چاہتے تھے ۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ اگر اندرون ہفتہ وارثی برادران کو ایک لاکھ روپئے انعام نہیں دیا گیا تو وہ خود فن قوالی کی خدمت میں ہمہ تن مصروف وارثی برادران کو ایک لاکھ روپئے دیں گے ۔ محفل سماع میں ہال شرکاء سے کھچا کھچ بھر گیا تھا ۔ جناب زاہد علی خاں نے ڈپٹی ڈائرکٹر دور درشن شریمتی شلیجہ سمن کو اردو سیکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں سیاست آپ کو مواد فراہم کرے گا ۔ صدر سماج درپن جناب شجاعت علی شجیع آئی آئی ایس ڈپٹی ڈائرکٹر دور درشن نیوز نے خیر مقدم کیا اور محفل سماع کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔۔

TOPPOPULARRECENT