Wednesday , May 23 2018
Home / Top Stories / وارناسی میں زیر تعمیر فلائی اوور منہدم ‘ 12 افراد ہلاک ؟

وارناسی میں زیر تعمیر فلائی اوور منہدم ‘ 12 افراد ہلاک ؟

وارناسی 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) واراناسی میں آج کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک زیر تعمیر فلائی اوور کا ایک پلر اچانک منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کا اندیشہ ہے ۔ پولیس اور عہدیداروں نے بتایا کہ پلر کے نیچے ایک بس اور تقریبا ایک درجن گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی جانب سے یہاں امدادی اور بچاؤ کام شروع کردئے گئے ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بچاؤ اور امدادی کاموں کیلئے ایک ٹیم جائے حادثہ کو روانہ کردی گئی ہے ۔ حکام اس سلسلہ میں مزید معلومات حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اترپردیش کے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے بتایا کہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈپٹی چیف منسٹر کے پی موریہ اور ریاستی وزیر نیل کنٹھ تیواری کو ہدایت دی ہے کہ وہ وارناسی کنٹونمنٹ علاقہ کا دورہ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہاں اس حادثہ میں 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں چیف منسٹر نے اس حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کام تیزی سے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فلائی اوور کا ایک پلر اچانک منہدم ہوگیا تھا اور یہاں سے گذرنے والے افراد اس کی زد میں آگئے ۔ اس کے علاوہ یہاں پارک کی ہوئی اور گذرنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ غیر مصدقہ ذرائع نے اس حادثہ میں تقریبا 24 افراد کے ملبہ میں دبے ہونے کے اندیشے ظاہر کئے ہیں۔ فلائی اوور لہر تارہ سے چوکا گھاٹ تک تعمیر کیا جا رہا تھا ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ راحت اور بچاؤ کاموں کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں اور متاثرین کی مدد کی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT