Saturday , November 18 2017
Home / دنیا / واشنگٹن پرائمری میں ٹرمپ کی کامیابی ، نامزدگی سے صرف ایک قدم دُور

واشنگٹن پرائمری میں ٹرمپ کی کامیابی ، نامزدگی سے صرف ایک قدم دُور

اولمپیاڈ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلیکن امکانی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے آج واشنگٹن اسٹیٹ پرائمری میں بہ آسانی کامیابی حاصل کرلی اور اس طرح اب وہ ری پبلیکن صدارتی امیدوار نامزد کئے جانے سے زیادہ دُور نہیں ہیں اور اب یہ بات تقریباً طئے ہے کہ نومبر میں ان کا مقابلہ ڈیموکریٹک امکانی صدارتی امیدوار ہلاری کلنٹن سے ہوگا تاہم یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی کی خوشی اس وقت ماند پڑ گئی جب ٹرمپ مخالف احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان البوقرق، نیو میکسیکو میں زبردست جھڑپیں ہوگئیں۔ واشنگٹن اسٹیٹ میں ٹرمپ کو 76.2% ووٹس حاصل ہوئے۔ اس طرح اب وہ نامزدگی سے صرف 10 ڈیلی گیٹس دُور ہیں۔1,237 ڈیلی گیٹس درکار ہیں جبکہ ٹرمپ نے 1,229 ڈیلی گیٹس پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری طرف یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن کے مزید چار ڈیلی گیٹس کی گنتی ابھی باقی ہے اور اس طرح ٹرمپ کے ڈیلی گیٹس کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز اور اوہائیو گورنر جان کسیک کو فی کس 10% ووٹس حاصل ہوئے جبکہ ریٹائرڈ نیورو سرجن بین کارسن کو صرف 4% ووٹس حاصل ہوئے۔ اس موقع پر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں ’’تھینک یو واشنگٹن‘‘ تحریر کرتے ہوئے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ اگر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کی بات کی جائے تو یہ مقابلہ ہنوز کھلا ہوا ہے جبکہ انتخابی مہم کے آغاز میں اس پارٹی کے تین امیدوار تھے۔ جہاں تک ڈیلی گیٹ کی گنتی ؍ تعداد کا سوال ہے، یہ بات یقینی ہے کہ ہلاری کلنٹن کو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔ ان کے کٹر حریف سینیٹر برنی سینڈرس نے مقابلہ سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرائمری الیکشن میں آخری ووٹ پڑنے تک وہ ہمت نہیں ہاریں گے۔ کیلیفورنیا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر ہرگز بننے نہیں دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT