Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / واٹر گرڈ اسکیم پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام : آر چندرا شیکھر ریڈی

واٹر گرڈ اسکیم پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام : آر چندرا شیکھر ریڈی

ماضی کی حکومت 31,344 اسکیمات میں صرف 29 التواء کا شکار
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس ) : تلگو دیشم پارٹی قائد مسٹر آر چندرا شیکھر ریڈی نے تلنگانہ برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر سربراہی آب سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا ۔ وہ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں میڈیا سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست کے ہر ایک مکان کو پانی کی سربراہی کے لیے واٹر گرڈ اسکیم سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت تاحال کسی قسم کا کوئی کام شروع ہی نہیں کیا گیا ۔ جب کہ حکومت ریاست کی عوام کو گھر گھر پانی سربراہ کرنے سے متعلق جو اعلانات کررہی ہے وہ محض حصول ووٹ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت قومی اور بین الاقوامی سطح پر واٹر گرڈ کا پروپگنڈہ کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے استفسار کیا کہ آخر وہ ڈی پی آر کے بغیر گلوبل سطح پر کس طرح ٹنڈرس حاصل کرے گی ۔ کیوں کہ اب تک ٹنڈرس کا اعلان ہی نہیں کیا گیا ہے ۔ آرچندرا شیکھر راؤ نے تلنگانہ کی برسر اقتدار حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ وہ پر زور انداز میں اس بات کا دعویٰ کررہی ہے کہ وہ 20 ہزار مواضعات میں سربراہی آب کے لیے 40 ہزار کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ تاہم حکومت کے ریکارڈ کے مطابق سابقہ حکومت کے دور میں 31 ہزار 344 تحفظ سربراہی آب کی اسکیمات کا آغاز کیا گیا تھا جس میں سے 16 ہزار 379 مواضعات میں واٹر اوور ہیڈس کی تعمیر عمل میں لا کر 26 ہزار 739 مواضعات میں سربراہی آب عمل میں لائی گئی مابقی 4 ہزار کام مذکورہ اسکیم کے تحت مختلف مراحل میں زیر تعمیر ہیں ۔ اس طرح اس اسکیم کے تحت صرف 29 کام ہی التواء میں ہیں ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اس طرح کے بیانات پر کہا کہ وہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے واٹر گرڈ اسکیم پر عوام کو کلر فلم دکھا رہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT