Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / واٹس ایپ پر نفرت انگیز بیانات کی ترسیل تشویشناک

واٹس ایپ پر نفرت انگیز بیانات کی ترسیل تشویشناک

اشرار کے خلاف سخت کارروائی کرنے چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کی ہدایت
لکھنؤ۔/8ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج ریاست میں نفرت انگیز جرائم اور تشدد کے واقعات بھڑکانے کیلئے واٹس ایپ پیامات کے بیجا استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہاں محکمہ آبپاشی کے پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اطلاعات کو صیغہ راز میں نہیں جاسکتا کیونکہ یہ دور ’ واٹس ایپ ‘ اور ’ ای میلز‘ کا ہے۔ ریاست میں واٹس ایپ کو اچھے مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہیئے تھا لیکن فرقہ پرست جماعتیں فرقہ وارانہ جذبات مشتعل کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کیلئے جدید ٹکنالوجی کا بیجا استعمال کررہی ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ واٹس ایپ اور ای میلز پر نفرت انگیز بیانات بھیجنے والوں کی عمر کے بارے میں معلوم کیا گیا تو پتہ چلا کہ 16تا24 سال کی عمر کے نوجوانوں سے لیکر 60سال کی عمر کے لوگ بھی دکانات اور عمارات جلادینے کے واقعات میں ملوث پائے گئے جس کے پیش نظر یہ کوشش کرنی چاہیئے کہ اس طرح کی خدمات؍ سرویس کو بہتر مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں اتر پردیش کے مختلف مقامات آگرہ، قنوج، بہرائچ اور جالانہ میں بعض شرپسند عناصر نے واٹس ایپ پر قابل اعتراض پیامات اور مواد پھیلا دیا جس کے باعث فرقہ وارانہ کشیدگی اور تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں اور چیف منسٹر اکھلیش یادو نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ نفرت انگیز پیامات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے پولیس سے یہ بھی کہا کہ ایک ریاست گیر واٹس ایپ نمبر جاری کریں اور عوام سے یہ اپیل کریں کہ کسی بھی مقام پر شر انگیزی کی کوشش کی صورت میں فی الفور مطلع کریں تاکہ اشرار کو فی الفور پکڑ لیا جاسکے۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے کہا ہے کہ پولیس کے واٹس ایپ نمبر کی تشہیر کے ساتھ عوام میں شعور بیدار کریں۔جبکہ گزشتہ سال مظفر نگر میں ایک بی جے پی لیڈر کی جانب سے واٹس ایپ پر قابل اعتراض تصاویر پھیلادینے کے بعد بھیانک فساد پھوٹ پڑا تھا جس میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزار افراد خوف و دہشت کے عالم میں گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔اب جبکہ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی کی سیکولر حکومت ہے فرقہ پرست طاقتیں اقتدار میں آنے کیلئے ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش میں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT