Monday , July 23 2018
Home / شہر کی خبریں / واٹس ایپ کے ماہانہ 1.5 ارب سرگرم صارفین

واٹس ایپ کے ماہانہ 1.5 ارب سرگرم صارفین

صرف ایک دن میں 60 ارب پیغامات کا تبادلہ
حیدرآباد 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک نے حال ہی میں اپنے چوتھے سہ ماہی اور سال 2017 کے مکمل نتائج سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر فیس بک کے بانی اورچیف ایکزیکیٹو آفیسر مارک زکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ سال 2017 فیس بک کیلئے بہت ہی مضبوط سال رہا لیکن مشکل بھی رہا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ہر ماہ 2.1 ارب، ہر دن 1.4 ارب لوگ یا صارفین فیس بک کا استعمال کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں ان ( مارک زکر برگ ) کا بزنس سال بہ سال زبردست فروغ پارہا ہے۔ بزنس میں سالانہ 47 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ نتیجے میں آج فیس بک کا کاروبار140 ارب ڈالرس مالیتی ہوگیا ہے۔ مارک زکر برگ کے مطابق دنیا میں واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔چنانچہ واٹس ایپ کا ماہانہ سرگرم استعمال کرنے والوں کی تعداد 1.5 ارب ہوگئی ہے جو صرف ایک دن میں 60 ارب پیامات کا تبادلہ کرتے ہیں۔آپ کو بتادیں کہ 19 فبروری 2014 کو فیس بک نے 19 ارب ڈالرس کی خطیر رقم ادا کرتے ہوئے واٹس ایپ حاصل کیا تھا۔ آج کی تاریخ تک یہ سب سے بڑی معاملت ہے۔ فی الوقت ہندوستان میں ماہانہ200 ملین ایسے صارفین ہیں جو واٹس ایپ کے سرگرم استعمال کنندگان کہلاتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سال نو کے موقع پر واٹس ایپ کے ذریعہ 20 ارب پیغامات کا تبادلہ عمل میں آیا جبکہ عالمی سطح پر واٹس ایپ پر سال نو کے پیامات مبارکبادی کی تعداد 75 ارب تک جا پہنچی تھی۔ اس طرح واٹس ایپ نے ایک نیا سنگ میل طئے کیا ہے۔ ان 75 ارب پیغامات میں 13 ارب تصاویر اور 5 ارب ویڈیوز شامل ہیں۔ واٹس ایپ نے کاروباری حضرات کی مدد کیلئے گزشتہ ماہ واٹس ایپ بزنس کا آغاز کیا ہے۔ واٹس ایپ بزنس مفت ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے اور خاص طور پر چھوٹے کاروباروں کیلئے مفیدہے۔ ساری دنیا بشمول ہندوستان کے چھوٹے پیمانہ پر کاروبار کرنے والے واٹس ایپ بزنس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ نیا ایپ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے جو کمپنیوں کو اپنے صارفین سے بآسانی جوڑنے اور جڑنے کیلئے ڈیولپ کیا گیا اس کے ذریعہ صارفین اپنی دلچسپی کے کاروباری اُمور سے متعلق بات چیت بھی کرسکتے ہیں۔ آئی اے این ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق 84 فیصد ایس ایم پیز سمجھتے ہیں کہ واٹس ایپ انہیں صارفین سے ربط پیدا کرنے اور مراسلت میں مدد کرتا ہے اور 80 فیصد ایس ایم پیز کا خیال ہے کہ واٹس ایپ ان کے کاروبار کے فروغ میں مدد کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اس ایپ کے متعارف کئے جانے کے بعد کاروباری اداروں؍ کمپنیوں اور صارفین کے درمیان اب ہر ماہ 2 ارب سے زیادہ پیغامات بھیجے گئے۔ اس ایپ سے چھوٹے اور متوسط بزنس کو غیر معمولی مدد حاصل ہورہی ہے۔ زکر برگ کے مطابق ہم نے ایسی تبدیلیاں کی ہیں جس سے فیس بک پر صرف کئے جانے والے وقت میں تخفیف کی جاسکتی ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ہر دن 50 ملین لوگ کئی گھنٹے فیس بک پر استعمال کرتے ہیں۔ دوسری طرف آپ یقین کریں یا نہ کریں دن بھر میں سال 2017 کے دوران جو ایپس ڈاون لوڈ کئے گئے ان کی تعداد 175 ارب سے تجاوز کرگئی۔ اسکا مطلب یہ ہوا کہ 2015 سے اس رجحان میں 60 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ دوسری طرف صارفین نے صرف ایپس کے ڈاون لوڈس پر 86 ارب ڈالرس سے زائد رقم خرچ کی اور ہر ایپ استعمال کرنے والے اپنے ایپس پر سالانہ 43 دن استعمال کئے۔ اپنے اسمارٹ فونس پر نئے ایپس ڈاون لوڈ کرنے کے معاملہ میں سرفہرست ملکوں میں چین، جاپان، امریکہ، فرانس، جنوبی کوریا، جرمنی ، برازیل، ہندوستان، انڈو نیشیا، برطانیہ اور میکسیکو شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT