Friday , December 15 2017
Home / اضلاع کی خبریں / وبائی امراض کو روکنے احتیاطی اقدامات ضروری

وبائی امراض کو روکنے احتیاطی اقدامات ضروری

صفائی پر مکمل توجہ دینے عہدیداروں کو بلدیہ کمشنر کریم نگر کی ہدایت

کریم نگر۔/4اکٹوبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ کے حدود میں ترقیاتی کاموں کی طرف خصوصی توجہ دینے کی کمشنر بلدیہ شیشانک نے ہدایت دی۔ مجلس بلدیہ دفتر میں صفائی عہدیدار مانیٹری و سوپر وائزر انسپکٹرس اور ملازمین کو طلب کرتے ہوئے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ موسم بارش میں عموماً وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے اس لئے ہر قسم کی احتیاطی تدابیر روبہ عمل لانے کا انہوں نے مشورہ دیا۔ صبح و شام کچرے کی نکاسی کی نگرانی کی جائے کہیں بھی کچرہ کا ڈھیر نہ دکھائی دے۔50 ڈیویژنوں میں رکشے روانہ کرتے ہوئے گھروں سے بھی کچرے حاصل کرلیا جائے۔ اس سلسلہ میں عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔ گلی کوچوں میں بھی مکمل صفائی اور موریوں اور نالیوں کی بہتر طور پر صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ گندہ پانی ہو یا بارش کا پانی گڑھوں میں جمع ہونے نہ دیں جس سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے اور امراض پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے وقتاً فوقتاً موریوں اور نالیوں میں اسپرے کا چھڑکاؤ کرنے کا مشورہ دیا۔کمشنر بلدیہ نے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے میں ہر ایک ملازم کو فرض شناسی کے ساتھ خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا۔ لاپرواہی اور غفلت ناقابل برداشت ہوگی اور ان کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کا انتباہ دیا۔ تمام ملازمین اپنے اپنے مختص کردہ کاموں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ اس جائزہ اجلاس میں مانٹیری سوپر وائزر ، راجیشور گوڑ ، انچارج کمشنر گوتم ریڈی بھی شریک تھے۔

برقی شاک سے ایک شخص فوت
پرگی۔/4اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) برقی شاک سے ایک شخص فوت ہونے کا واقعہ چنگومل پولیس اسٹیشن کے حدود کے کٹومر گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس چنگومل ایس آئی انجینلو کے مطابق ضلع وقارآباد پوڑور منڈل کٹومر گاؤں کا رہنے والا سرینواس 35 سالہ کھیت کے پاس بکریوں کو چرارہا تھا راستہ میں تیز ہوا سے برقی کا تار ٹوٹ کر گرا ہوا تھا کھیت کے قریب جاتے ہی تار اس کے پیر کو لگا جس سے وہ فوت ہوگیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے پرگی سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ سرینواس کو بیوی اور ایک لڑکی ہے۔ بیوی انیتا کی شکایت پر پولیس چنگومل نے کیس درج کرکے تحقیقات کررہی ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT