Sunday , May 27 2018
Home / Top Stories / وجئے شانتی سیاست میں دوبارہ سرگرم

وجئے شانتی سیاست میں دوبارہ سرگرم

دہلی میں کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات
حیدرآباد 7 نومبر (سیاست نیوز) فلم اسٹار سے سیاست داں بن جانے والی سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے آج دہلی میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرکے سیاست میں دوبارہ سرگرم ہوجانے کا فیصلہ کیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ انھیں اے آئی سی سی کا سکریٹری اور تلنگانہ کانگریس پبلسٹی کمیٹی رکن بھی نامزد کیا جائیگا۔ 2014 ء میں علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد وجئے شانتی نے ٹی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور اسمبلی حلقہ میدک سے کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ تاہم شکست کے بعد وہ ساڑھے تین سال تک خود کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھا اور آج اچانک دہلی پہونچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تلنگانہ کانگریس اُمور کے انچارج آر سی کنٹیا اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے۔ تلنگانہ میں انتخابی بگل بجنے سے قبل انتخابی ماحول گرم ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی اور ان کے حامیوں کی کانگریس میں شمولیت کے بعد سیاسی حالات بڑی تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔ حکمراں ٹی آر ایس اور تلگودیشم کے کئی قائدین کانگریس سے رابطے میں ہیں۔ وجئے شانتی نے پہلے اتم کمار ریڈی اور پھر آر سی کنٹیا سے ملاقات کرنے کے بعد آج شام 4 بجے دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشہیری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں سابق کرکٹ ٹیم کپتان محمد اظہرالدین اور وجئے شانتی کو بحیثیت ارکان شامل کرنے کی کانگریس ہائی کمان نے منظوری دے دی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT