وجئے شانتی کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کی مشیر مقرر

حیدرآباد۔/19ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ پردیش کانگریس کی تشہیری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ گنگا رام کو معاون صدرنشین، ڈاکٹر شراون اور سری سیلم گوڑ کو بحیثیت ارکان نامزد کیا ہے۔ تلگو فلموں کی ممتاز اداکارہ سے سیاستداں بننے والی وجئے شانتی کو تلنگانہ اسمبلی کے آنے والے انتخابات کیلئے اپنی پارٹی ( کانگریس ) کی کلیدی مہم کار مقرر کیا ہے۔ علاوہ ازیں وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں انتخابی مہم کی مشیر بھی مقرر کی گئی ہیں ۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ نے اپنے ایک اعلامیہ میں یہ اعلان کیا۔ وجئے شانتی جو تلگو فلم میں’ راملماں‘ کے منفرد رول میں غیر معمولی طور پر مقبول ہوئی تھیں۔ ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر حلقہ میدک سے پارلیمنٹ کے لئے منتخب بھی ہوئی تھیں۔ تاہم تقریباً 10 سال سے وہ سرگرم سیاست سے دور تھیں اور اب کانگریس کی انتخابی مہم کی نئی ذمہ داریوں کے ساتھ دوبارہ سرگرم ہوجائیں گی۔ چند ماہ قبل وہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے ساتھ دہلی پہنچ کر پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ کانگریس اور تلگودیشم کے امکانی اتحاد پر وجئے شانتی نے اعتراض کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT