Saturday , November 25 2017
Home / دنیا / وجئے مالیا کی حوالگی کیلئے نریندر مودی ۔ تھریسا مے بات چیت

وجئے مالیا کی حوالگی کیلئے نریندر مودی ۔ تھریسا مے بات چیت

ہمبرگ ۔8 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ ہندوستان شراب کے روپوش تاجر وجئے مالیا کی لندن سے واپسی کے لئے پوری کوشش کررہا ہے وہیں وزیراعظم نریندر مودی نے G-20 چوٹی کانفرنس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ملاقات کرکے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی کہ برطانیہ کو بھی ایسے تمام ہندوستانیوں کو جو معاشی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں ، ہندوستان کے حوالے کرنے مکمل تعاون کرنا چاہئے ۔ یاد رہے کہ وجئے مالیا کئی ماہ سے لندن میں موجود ہے جبکہ اُن کے خلاف گرفتاری وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف لندن کی ایک عدالت میں بھی مالیا کی ہندوستان کو حوالگی معاملہ کی سماعت جاری ہے ۔ علاوہ ازیں دونوں قائدین نے ہند۔ برطانیہ باہمی تعلقات کے دیگر پہلوؤں پر بھی بات چیت کی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے کہ کنگ فشر ایرلائینز کے سابقہ مالک نے حکومت سے 9000 کروڑ روپئے کے قرضہ جات حاصل کئے تھے لیکن اُن کی باز ادائیگی نہیں کرسکے جبکہ ایئرلائینز کو بھی خسارہ کا سامنا ہونے پر بند کرنا پڑا اور ملازمین کی تنخواہیں تک ادا نہیں کی گئیں۔ اسی دوران مارچ 2016 ء میں وجئے مالیا لندن فرار ہوگئے تھے ۔ واضح رہے کہ ہند ۔ برطانیہ کے درمیان حوالگیٔ مجرمین کے معاہدہ پر 1992 ء میں دستخط کئے گئے تھے لیکن اس کے تحت اب تک صرف ایک ہی مجرم سمیر بھائی وینوبھائی پٹیل کی حوالگی ہی عمل میں آئی تھی جو 2002 ء میں گودھرا کے فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث تھا ۔

TOPPOPULARRECENT