Monday , June 25 2018
Home / دنیا / وجئے مالیا کی عاجلانہ حوالگی کیلئے برطانیہ سے مدد کی خواہش

وجئے مالیا کی عاجلانہ حوالگی کیلئے برطانیہ سے مدد کی خواہش

لندن ۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج شراب کے بڑے بزنسمین وجئے مالیا کی برطانیہ سے عاجلانہ حوالگی میں یو کے کی مدد چاہئے تاکہ مالیا وطن میں تقریباً 9 ہزار کروڑ روپئے تک کے فراڈ اور غیرقانونی رقمی لین دین سے متعلق کیسوں کے سلسلہ میں قانون کا سامنا کرسکیں۔ برطانوی وزیر برائے سلامتی و معاشی جرائم بین ویالس کے ساتھ باہمی میٹنگ کے دوران مرکزی مملکتی وزیر برائے امورداخلہ کرن رجیجو کو یہاں ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی کورٹ میں جاری کیس کے تعلق سے واقف کرایا گیا۔ بات چیت کے دوران رجیجو نے مفرور صنعتکار کی عاجلانہ حوالگی میں برطانیہ سے مدد چاہی۔ اس میٹنگ سے واقف کار ایک سرکاری عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ رجیجو نے میٹنگ کے بعد اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ برطانوی وزیر بین ویالس کے ساتھ ان کی باہمی میٹنگ ثمرآور رہی۔ ہم نے سائبر سیکوریٹی، کٹر پسندی، ہندوستان اور برطانیہ کو مطلوب افراد کی حوالگی اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کے مسائل پر غوروخوص کیا۔ سرکاری عہدیدار نے کہا کہ رجیجو نے برطانیہ سے 13 افراد کی حوالگی میں تعاون کیلئے زور دیا جن میں مالیا، سابق آئی پی ایل چیرمین للت مودی اور مبینہ کرکٹ سٹہ باز سنجیو کپور شامل ہیں۔ ہندوستان نے 16 دیگر مبینہ مجرمین پر مقدمہ چلانے میں قانونی اعانت بھی چاہی۔ رجیجو نے اپنے برطانوی ہم منصب سے یہ خواہش بھی کی کہ برطانوی علاقہ کو کشمیری اور خالصتانی علحدگی پسندوں کی جانب سے مخالف ہند سرگرمیوں کیلئے استعمال کئے جانے کی اجازت نہ دیں۔ یہ میٹنگ زائد از ایک گھنٹہ چلی جس میں نوجوانوں کو کٹر پسند بننے سے روکنے کی مختلف کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT