Wednesday , December 19 2018

وجئے واڑہ میں آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کا افتتاح

جاریہ ماہ حیدرآباد سے منتقلی ، گروپ تقررات اور ڈی ایس سی کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن مسٹر بی اودے بھاسکر نے آج وجئے واڑہ میں اے پی پبلک سرویس کمیشن کے نئے دفتر کا افتتاح کیا ۔ جب کہ حکومت نے وجئے واڑہ ٹاون میں واقع ایم جی روڈ کے پاس محکمہ عمارات و شوارع کی پائی جانے والی عمارت کی دوسری منزل آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کا دفتر قائم کرنے کے لیے مختص (الاٹ ) کی تھی ۔ نیا قائم کردہ اے پی پبلک سرویس کمیشن کا دفتر 35 ہزار مربع فیٹ رقبہ پر مشتمل ہے ۔ اس موقعہ پر صدر نشین آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن مسٹر اودے بھاسکر نے بتایا کہ آئندہ ماہ جنوری 2018 سے کمیشن کا دفتر باقاعدہ طور پر وجئے واڑہ سے کام کرے گا ۔ دسمبر کے اختتام تک حیدرآباد سے کمیشن کے دفتر کو وجئے واڑہ منتقل کردیا جائے گا ۔ کمیشن کی جانب سے گذشتہ دنوں منعقدہ گروپ II امتحان میں اہل امیدواروں کے سرٹیفیکٹس کی جانچ جنوری کے دوسرے ہفتہ میں وجئے واڑہ میں ہی انجام دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے سال کی آمد کے بعد ریاست میں پائے جانے والے مختلف محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے بہت جلد نیا اعلامیہ جاری کیاجائے گا ۔۔

جوائنٹ کمشنر انڈومنٹ اے پی خدمات سے معطل
غیر محسوب اثاثہ جات پر اے سی بی کی کارروائی و جیل منتقلی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی محکمہ انڈومنٹ حکومت آندھرا پردیش کے جوائنٹ کمشنر چندر شیکھر آزاد کو خدمات سے معطل کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے احکامات جاری کردئے گئے ہیں ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چندر شیکھر آزاد کو آمدنی سے زائد املاک پائے جانے کی اطلاع پر 13 دسمبر کو ان کی رہائش گاہ کے علاوہ دیگر رشتہ داروں کے مکانات پر ایک ساتھ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے دھاوے کر کے کروڑہا روپئے کی آمدنی سے کہیں بہت زیادہ کی املاک کا پتہ چلا کر انہیں گرفتار کر کے عدالت نے انہیں ریمانڈ کردیا تھا جس کے نتیجہ میں پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ انڈومنٹ مسٹر منموہن سنگھ نے معطلی کے احکامات جاری کئے اور ان کے بجائے بحیثیت ریجنل جوائنٹ کمشنر کی حیثیت سے مسٹر تریناتھ کو تعینات کیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT