Wednesday , May 23 2018
Home / Top Stories / وجئے واڑہ میں ’ حج ہاوز ’ کا سنگ بنیاد ، مسلمانوں کی بہبودکا عہد

وجئے واڑہ میں ’ حج ہاوز ’ کا سنگ بنیاد ، مسلمانوں کی بہبودکا عہد

ہر سال 10 مذہبی شخصیتوں کو فریقہ حج کے لیے روانہ کرنے کا وعدہ ، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش ہر سال دس مسلم مذہبی شخصیتوں کو خصوصی کوٹہ کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ کرنے کے اقدامات کرے گی اور ان دس مجوزہ عازمین حج کے مکمل مصارف خود ریاستی حکومت برداشت کرے گی ۔ اج وجئے واڑہ کے ودیادھرا پورم آر ٹی سی ورکشاپ روڈ واقع وقف اراضی پر تقریبا 80 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے ’ حج ہاوز ‘ کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مذکورہ اعلان کیا اور کہا کہ اب تک انہیں تین حج ہاوز تعمیر کروانے کا اعزاز حاصل ہے ۔ پہلا حج ہاوز متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے صدر مقام حیدرآباد میں ، دوسرا  حج ہاوز ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کڑپہ میں تعمیر کروایا گیا اور اب تیسرا حج ہاوز وجئے واڑہ میں تعمیر کروایا جارہا ہے ۔ انہوں نے وجئے واڑہ میں تعمیر کئے جانے والے اس مجوزہ حج ہاوز کو ایک ’ ماڈل حج ہاوز ‘ کی طرز پر تعمیر کروائے جانے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وجئے واڑہ کو آنے والے سیاح وغیرہ خصوصی طور پر حج ہاوز کے مشاہدہ سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرسکیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ ان کی یہ خوش قسمتی ہے کہ نہ صرف انہیں تین حج ہاوز تعمیر کروائے بلکہ حیدرآباد اور ضلع کرنول میں نیشنل اردو یونیورسٹی قائم کروانے کے ساتھ ساتھ تعمیر کروانے کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کے حقوق و مفادات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم حکومت ریاست بھر میں مسلمانوں کے مفادات و حقوق کا تحظ کرنے پر اپنی اولین ترجیح دے گی ۔ اور کسی بھی فرقہ پرست سرگرمیوں کو سختی سے کچل ڈالنے کے اقدامات کرے گی ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے اس موقعہ پر عازمین حج سے جی ایس ٹی رقم وصول کرنے کے طریقہ کار کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے عازمین حج کو جی ایس ٹی رقم وصول کرنے سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے ریاستی حج کمیٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کے لیے بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور کوئی مسائل و مشکلات پیش نہ آنے کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ ریاست آندھراپردیش کے عازمین حج بہ آسانی فرائض حج اداکرسکیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاست کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم حکومت ریاست میں مسلمانوں کی ترقی کے لیے تمام تر اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ریاستی بجٹ میں آئندہ سال مزید اضافہ کرنے اور مسلمانوں کے لیے شروع کی گئیں تمام اسکیمات پر عمل آوری کر نے ، اماموں و موذنوں کے لیے ماہانہ فراہم کئے جانے والے مشاہرہ کی رقم میں مزید اضافہ کرنے کا بھی واضح تیقن دیا اور کہا کہ ریاست میں فی الوقت 5 ہزار مساجد کا انتخاب کیا گیا اور ان مساجد کے پیش اماموں اور موذنوں کو ماہانہ مشاہرہ 5000 اور 3000 ہزار روپئے فراہم کیا جارہا ہے ۔ ان رقومات میں مزید اصافہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسلم طلباء وطالبات کو پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک و دیگر اسکالر شپس فراہم کیے جارہے ہیں ان رقومات میں بھی اضافہ کرنے کا تیقن دیا ۔ صدر قومی تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس موقعہ پر ریاست کے ساتھ کی جانے والی نا انصافیوں پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کو وہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے بلکہ ان نا انصافیوں کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ وجئے واڑہ حج ہاوز کے لیے منعقدہ سنگ بنیاد تقریب میں وزیر آبپاشی مسٹر ڈی اوما مہیشور راؤ ، رکن پارلیمان مسٹر نانی گورنمنٹ وہپ آندھرا پردیش قانون ساز کونسل و جنرل سکریٹری قومی تلگو دیشم پارٹی جناب محمد احمد شریف ، صدر نشین آندھرا پردیش حج کمیٹی ، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی بدھا پرساد مسٹر مومن احمد حسین ، صدر نشین آندھرا پردیش وقف بورڈ و رکن اسمبلی وجئے واڑہ مسٹر جلیل خاں ، حج کمیٹی ارکان مفتی محمد فاروق ، مولانا الیاس ، محمد رفیع ، شیخ مستان شریف ، حاجی شیخ حسن باشاہ ، سید مخدوم بخاری ، شیخ اکبر ، چنا رحمن ، صدر نشین صلع پریشد مسٹر شیخ جانی مون ، ناگل میراں صدر نشین اے پی پولیس ہاوزنگ کارپوریشن ، محمد ہدایت صدر نشین اے پی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیداروں بشمول ایکزیکٹیو آفیسر آندھرا پردیش ریاستی حج کمیٹی مسٹر محمد لیاقت علی اور تلگو دیشم پارٹی قائدین وغیرہ کثیر تعداد میں شریک تھے ۔۔
TOPPOPULARRECENT