Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / وجئے واڑہ میں چیف منسٹر اے پی کی قیامگاہ پر سخت حفاظتی انتظامات

وجئے واڑہ میں چیف منسٹر اے پی کی قیامگاہ پر سخت حفاظتی انتظامات

اے پی ۔ اڑیسہ سرحد پر نکسلائٹس کیساتھ انکاؤنٹر پر انٹلی جنس کی چوکسی
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش و اڈیشہ کے سرحد پر گزشتہ دنوں پیش آئے انکاؤنٹر واقعہ میں انتہا پسند نکسلائٹس کی ہلاکتوں کے بعد وجئے واڑہ میں کرشنا ندی کے ساحل پر واقع چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی قیامگاہ کے اطراف سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ زائداز 25 مسلح دستوں پر مشتمل سکیوریٹی کو تعینات کیا گیا۔ آج وجئے واڑہ میں واقع چیف منسٹر کی قیامگاہ پہونچ کر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آندھراپردیش مسٹر این سامبا شیوا راؤ اور انٹلی جنس چیف مسٹر اے بی وینکٹیشور راؤ نے چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی اور ان کی (چیف منسٹر) صیانت کیلئے کئے گئے زائد سکیوریٹی انتظامات سے واقف کروایا۔ اس موقع پر ریاست میں سکیوریٹی انتظامات کے علاوہ اہم قائدین کیلئے کئے گئے سکیوریٹی انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر سامبا شیوا راؤ اور انٹلی جنس چیف اے بی وینکٹیشور راؤ نے سکیوریٹی اسٹاف کے ساتھ چیف منسٹر کی قیامگاہ کے اطراف و اکناف والے تمام مقامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ دریائے کرشنا کے سرحد پر چیف منسٹر کی قیامگاہ ہونے کی وجہ وسیع تر سکیوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو سخت اور ضروری ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ چیف منسٹر نائیڈو نے اعلیٰ عہدیداروں کو بعض مشورے بھی دیئے۔

TOPPOPULARRECENT