Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / وجئے ڈیری کو مستحکم کرنے حکومت کی خصوصی توجہ

وجئے ڈیری کو مستحکم کرنے حکومت کی خصوصی توجہ

مسابقت کے باوجود سرکاری ڈیری کا بہتر مظاہرہ، وزیر افزائش مویشیان سرینواس یادو کا اعتراف
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیان سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت وجئے ڈیری کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران سرینواس گوڑ اور رام لنگاریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ وجئے ڈیری مسابقت کے اس میدان میں اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ منفرد مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وجئے ڈیری کو مزید توسیع دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد دودھ سربراہ کرنے والے کسانوں کی امدادی رقم میں اضافہ کیا گیا جس سے پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں کئی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے ملاوٹ شدہ دودھ کی شکایتوں کا جائزہ لینے اور اس کے تدارک کے اقدامات کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو دیہی معیشت کے استحکام کے حق میں ہے اور انہوں نے ہر طبقے کے لیے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے تیار کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ہزار کروڑ کے خرچ سے یادو کمیونٹی میں بھیڑ بکریاں تقسیم کی گئیں۔ زراعت کے بعد افزائش مویشیان دوسرا بڑا شعبہ ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کمزور طبقات کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہیں اور انہوں نے زرعات کے علاوہ دیگر شعبہ جات پر توجہ مرکوز کیے ہیں۔ سرینواس یادو نے سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ ہے جس سے بیروزگار نوجوانوں سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں روزانہ ایک کروڑ 5 لاکھ 68 ہزار لیٹر دودھ کی پیداوار ہوتی ہے۔ جبکہ روزانہ دودھ کا استعمال ایک کروڑ 23 لاکھ 73 ہزار لیٹر ہے۔ وجئے ڈیری کے ذریعہ ریاست میں روزانہ 5 لاکھ 25 ہزار لیٹر دودھ تیار ہوتا ہے۔ تلنگانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن نے منڈل اور مواضعات کی سطح پر ملک کولنگ یونٹس اور ملک چلنگ سنٹرس کے قیام کے اقدامات کیے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT