Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / وجیندر ‘ عامر خان سے ہندوستان میں مقابلہ کے خواہاں

وجیندر ‘ عامر خان سے ہندوستان میں مقابلہ کے خواہاں

کیری ہوپ کے خلاف کامیابی کے بعد ایک ماہ تک آرام کا ارادہ ۔ تائید پر شائقین اور پرستاروں سے اظہار تشکر

نئی دہلی 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈبلیو بی او ایشیا پیسیفک چمپئن کا خطاب جیتنے کے بعد مسرور اسٹار ہندوستانی باکسر وجیندر سنگھ نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی سے کچھ وقت تک لطف اندوز ہونگے اور اس کے بعد ہی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے ساتھ مقابلہ کے امکانات کا جائزہ لیں گے ۔ عامر خان ‘ وجیندر کے ساتھ مقابلہ کے خواہاں ہیں۔ 30 سالہ باکسر وجیندر نے ساتویں مسلسل کامیابی حاصل کی اور سوپر مڈل ویٹ خطاب سابقہ ڈبلیو بی سی یوروپین چمپئن کیری ہوپ کو دس راونڈ کے مقابلہ میں شکست دیتے ہوئے حاصل کیا ۔ ان کی کامیابی پر شائقین نے زبردست داد و تحسین سے نوازا ہے ۔ اس کامیابی کے ذریعہ وجیندر ڈبلیو بی او رینکنگس میں 15 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں اور انہیں آئندہ دو ماہ تک اپنے خطاب کا دفاع کرنا ہوگا ۔ اس کامیابی کو مرحوم باکسر محمد علی کے نام معنون کرتے ہوئے وجیندر سنگھ نے واضح کیا کہ انہیں اس کامیابی کا جشن منانے کیلئے بہت کم وقت ہے اور اس کے بعد انہیں آئندہ مقابلہ کے تعلق سے غور کرنا ہوگا ۔ وجیندر نے کہا کہ وہ کچھ آرام کرنا چاہتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ایک ماہ یا کچھ وقت آرام کریں اس کے بعد وہ مستقبل کے تعلق سے غور کرینگے ۔ پریس کانفرنس میں جب نامہ نگاروں نے مسلسل ان کے مستقبل کے مقابلوں کے تعلق سے سوال کیا تو باکسر اسٹار نے اپنی ترجیحات کو واضح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ورلڈ رینکنگ ٹاپ 15 میں ہوگی ۔ انہیں اب سخت مقابلے درپیش ہونگے لیکن وہ ان کیلئے تیار ہیں۔ وہ اپنے کوچس اور ٹیم کے ساتھ مل کر ان مقابلوں کی تیاری کرینگے ۔انہوں نے عامر خان کے ساتھ مقابلہ کے تعلق سے کہا کہ دونوں کے وزن کے زمروں میں فرق ہے ۔ اگر عامر اپنا وزن بڑھاتے ہیں یا پھر وہ ( وجیندر ) اپنا وزن کم کرتے ہیں تو مقابلہ کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پر غور کر رہے ہیں ۔ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے ۔ اگر ایسا مقابلہ ہوتا ہے تو پھر یہ مقابلہ ہندوستان ہی میں ہوگا ۔ وجیندر سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران بار بار اپنے شائقین اور پرستاروں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ شائقین ہزاروں کی تعداد میں میدان میں موجود تھے ۔ عامر خان سابق ڈبلیو بی اے ورلڈ چمپئن ہیں اور وہ عموما لائیٹ ویٹ باکسر سمجھے جاتے ہیں۔ عامر نے گذشتہ دنوں الواریز کے خلاف مقابلہ سے قبل خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ وجیندر سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے یہ مقابلہ ہندوستان میں کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور اب وجیندر نے بھی اس پر اظہار خیال کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT