Tuesday , December 11 2018

ورلڈکپ:قطر کی ہندوستان سے سیکورٹی امداد طلب

نئی دہلی۔23 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کی تیاریاں جاری ہیں اور وسیع پیمانے پر تعمیرات کا کام ہورہا ہے۔ بڑی تعداد میں غیرملکی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر میگا ایونٹ کی سیکورٹی بھی بہت بڑا سوال بنی ہوئی ہے لہذا ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ قطری حکام نے کھیلوں کے عظیم ترین ٹورنمنٹ کو محفوظ بنانے کیلئے ہندوستانی سیکورٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ہندوستانی وزارت داخلہ نے ملک سے بھر سے 20 بہترین آئی پی ایس عہدیداروں کی فہرست مرتب کرنا شروع کردی ہے۔ ان کے انتخاب کے بعد مذکورہ عہدیدار مارچ میں دوحہ میں سیکورٹی سیمینار میں شرکت کریں گے۔ میڈیا کے مطابق ہندوستانی سیکورٹی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ ملک میں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ،انڈین پریمیئر لیگ، انڈین سوپر لیگ فٹبال جیسے بڑے اسپورٹنگ ایونٹس اور خاص طور پر ممبئی حملوں جیسے واقعات سے بہترین انداز میں نمٹنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر، نئی دہلی، گجرات اور راجستھان کی ریاستی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ اس مقصد کیلئے وہ اپنے بہترین باصلاحیت عہدیداروں کی نشاندہی کریں۔ ان کے ساتھ انٹیلی جنس بیورو آف انڈیا سے بھی عہدیداروں کے نام مانگے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT