Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ الیون ٹیم کا انتخاب اینڈی فلاور کریں گے

ورلڈ الیون ٹیم کا انتخاب اینڈی فلاور کریں گے

دبئی ۔2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے آئندہ ماہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ٹیم کے انتخاب کا کام سابق کپتان اینڈی فلاور کو سونپ دیا ہے۔مئی 2009 میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے سوائے زمبابوے کے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر 2015 میں مختصر سیریز کیلئے زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اس کے بعد کسی بھی ٹیم نے دورہ نہ کیا۔تاہم رواں سال پاکستان سوپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کی امید کی جارہی ہے اور فائنل کے انتظامات سے متاثر ہونے والے آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے ورلڈ الیون پاکستان روانہ کرنے کا وعدہ کیا۔پی سی بی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ آئی سی سی نے ورلڈ الیون کیلئے 15 کھلاڑیوں کے انتخاب کی ذمے داری اینڈی فلاور کو سونپ دی ہے اور اسکواڈ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی خود کرے گی۔ ستمبر میں متوقع دورے میں اینڈی فلاور ورلڈ الیون کے منیجر کی حیثیت سے ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔ابھی تک حکام نے ورلڈ الیون کے دورے کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر ہری جھنڈی نہیں دکھائی ہے لیکن آئندہ ہفتے پی سی بی عہدیداروں اور پنجاب حکومت کے درمیان اہم اجلاس متوقع ہے۔ اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات اور این او سی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹوئنٹی20 مقابلوں کی سیریز11 تا 19 ستمبر کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے۔لیکن اس سیریز کا انعقاد ہنوز حکومت کی سیکوریٹی اجازت سے مشروط ہے۔

TOPPOPULARRECENT