Wednesday , August 15 2018
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ چیمپیئن کو ٹرافی اور 3کروڑ 92 لاکھ ڈا لرس کا انعام

ورلڈ چیمپیئن کو ٹرافی اور 3کروڑ 92 لاکھ ڈا لرس کا انعام

ماسکو۔10جون(سیاست ڈاٹ کام) 14جون کو روس میں شروع ہونے والے دنیائے فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنمنٹ فیفا ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو خالص سونے کی بنی فیفا ٹرافی کے ساتھ مجموعی طور پر 3 کروڑ94 لاکھ ڈالرس سے زائد رقم بھی انعام کے طور پر ملے گی۔ فائنل میں شکست برداشت کرنے والی ٹیم کو انعام کے طور پر 2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اور تیسرا مقام حاصل کرنے والی ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالر ،چوتھا مقام پانے والی ٹیم سوا دوکروڑ کے لگ بھگ انعامی رقم کی حقدار قرار پائے گی۔ فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے والی ٹیم کے لئے ان کی فیڈریشنز اور ملک کی جانب سے بھی بھاری انعامات کے اعلان ہو چکے ہیں اور جیتنے والی ٹیم کے ارکان حقیقی معنوں میں مالامال ہو جاتے ہیں۔ اسپین کی فٹ بال اسوسی ایشن نے ٹرافی جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے تقریباً 10 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں 8 برس قبل چیمپئین بننے پر اسپین کی فٹبال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی کس 7لاکھ 63ہزار ڈالر کا انعام دیا تھا۔ دفاعی چمپیئن جرمنی نے بھی ٹیم کی جانب سے اعزاز کے کامیاب دفاع پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ اگر جرمن ٹیم یہ اعزاز دوبارہ پانے میں کامیاب رہی تو ہر کھلاڑی کے اکاؤنٹ میں چار لاکھ 12 ہزار ڈالر جمع ہو جائیںگے۔ اس سلسلے میں برازیل بھی پیچھے نہیں ، اگر نیمر کی ٹیم نے 16 برس کے بعد ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا تو فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ہر کھلاڑی لگ بھگ ساڑھے 9لاکھ ڈالرز کا حقدار بن جائے گا۔ دریں اثنا سابق عالمی اور یورپی چیمپئن ٹیم اسپین روس پہنچ گئی۔ اسپینش ٹیم کی آمد پر ایرپورٹ پر سینکڑوں فٹ بال مداحوں نے ان کا استقبال کیا۔ اسپینش ٹیم گروپ بی میں پرتگال ، ایران اور مراقش کے ساتھ شامل ہے۔ یہ میگا ایونٹ میں 15 جون کو سوچی میں پرتگال کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ اسپین کپتان سرجیو راموس کو یقین ہے کہ وہ اس مرتبہ بھی 2010 کا کارنامہ دہراتے ہوئے عالمی چیمپئن بن سکتے ہیں۔پاناما کی فٹ بال ٹیم بھی روس پہنچ گئی۔ پاناما کو ورلڈ کپ میں پہلے 18 جون کو بیلجیئم،24 جون کو انگلینڈ اور 28 جون کو تیونس کا سامنا کرنا ہے۔یاد رہے کہ پاناما کی ٹیم پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل راؤنڈ میں پہنچی ہے۔

TOPPOPULARRECENT