Saturday , June 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ کپ،روس سب سے کم درجہ کی حامل ٹیم

ورلڈ کپ،روس سب سے کم درجہ کی حامل ٹیم

زیورخ۔8 جون(سیاست ڈاٹ کام) فٹبال ورلڈ کپ سے قبل فیفا نے نئی عالمی درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر فائز ہے اور میزبان روس کی ٹیم آئندہ ہفتے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں سب سے کم تر درجہ کی حامل ٹیم کے طور پر ایونٹ کا آغاز کرے گی۔فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے تحت ابتدائی 7 مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور عالمی چیمپیئن جرمنی پہلے، برازیل دوسرے، بیلجیئم تیسرے، پرتگال چوتھے، ارجنٹینا پانچویں، سوئٹزرلینڈ چھٹے اور فرانس ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔دیگر ٹیموں میں پولینڈ کی ٹیم دو درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئی اور سابق عالمی چیمپیئن اسپین کی ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلی گئی۔انگلینڈ ایک اور یوروگوئے تین مقامات کی ترقی کے بعد بالترتیب 12ویں اور 14ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ہالینڈ دو درجے ترقی کے ساتھ 17ویں نمبر پر آ گیا۔ویلز کی ٹیم تین درجے ترقی پا کر ٹاپ20 میں شامل ہوئی اور 18ویں مقام پر فائز ہو گئی ہے۔ کروشیا 2 اور تیونیسیا 7 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ20 سے باہر ہو گئیں ہیں۔روس کی 4 درجے تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ 70ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور ورلڈ کپ میں سب سے کم تر درجہ کی حامل ٹیم کے طور پر ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ورلڈ کپ کا آغاز روس میں 14 جون کو ہو رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT