Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ کپ 2018: بلجیم، نیدرلینڈ کی ہرجانے کی تیاری

ورلڈ کپ 2018: بلجیم، نیدرلینڈ کی ہرجانے کی تیاری

جنیوا ، 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیدرلینڈ اوربلجیم فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کی میزبانی کیلئے روس کے ساتھ خفیہ معاملت کے انکشاف کے پیش نظر ہرجانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ نیدرلینڈ اور بلجیم کی فٹبال اسوسی ایشنس کا کہناہے کہ انھوں نے فیفا کے معطل صدر سپ بلاٹر کے انکشاف بعد قانونی چارہ جوئی کیلئے ماہرین سے رابطہ کیا ہے۔ بلاٹر نے دو ہفتے قبل روسی صحافیوں کو اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ فٹبال کی ورلڈگورننگ باڈی نے میزبانی کی نیلامی کے عمل کی تکمیل سے قبل روس کو میزبانی دینے پر اتفاق کیا تھا۔ ڈچ فٹبال اسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ قدم اٹھانے کیلئے ایک انٹرویو کافی تھا لیکن ہم خود اپنی طرف سے تفتیش کے نتائج کے حصول کیلئے تیاری کررہے ہیں۔ صدر بلجیم فٹ بال اسوسی ایشن فرانکوئس ڈی کیرسمیکر نے کہا کہ ہم نے ساتھیوں کے ساتھ معاہدے میں ایک قانونی فرم سے دریافت کیا ہے کہ کیا ہم ہرجانے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ یہ غیر اخلاقی بات ہوئی  کہ ہمیں غیر ضروری طورپر فیس جمع کرنے کو کہا گیا حالانکہ سب کچھ پہلے ہی طے ہو چکا تھا، ہم ماہرین کی رائے کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے کہ اگلا قدم کیا ہوگا۔ بلجیم اور نیدرلینڈ کی مشترکہ نیلامی کی رقم 10 ملین یورو تھی جو اسپین اور پرتگال کی مشترکہ بولی جبکہ انگلینڈ کی تنہا بولی سے بڑی رقم تھی۔ انگلینڈ نیلامی کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگیا تھا جبکہ ڈچ اور بلجیم دوسرے راؤنڈ میں تیسرے نمبرپررہ گئے جہاں روس کو درکار اکثریت حاصل ہوگئی تھی۔ اُدھر انگلش فٹبال اسو سی ایشن بھی قانونی کارروائی کیلئے رائے لینے کی خواہش مند ہے اور فیفا کو سوالات بھیج دیئے ہیں۔ اس قانونی کارروائی پر آسٹریلیا کی قریبی نظر ہوگی کیونکہ انھیں 2022ء ورلڈکپ کی میزبانی کے حصول میں قطر کے مقابل ناکامی ہوئی تھی، جس کے بارے میں بھی بلاٹر نے کہاتھا کہ سب پہلے سے طے تھا۔

TOPPOPULARRECENT