Friday , April 27 2018
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ کپ2019 ء کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

ورلڈ کپ2019 ء کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

دبئی۔16جنوری(سیاست ڈاٹ کام )ورلڈ کپ 2019 کے آغاز میں اب 500 دن سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور اسی مناسبت سے آئی سی سی نے ایک فہرست جاری کی جس میں موجود 7 بیٹسمینوں کو ایک میگا ایونٹ میں 500 یا زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا، ان میں شامل سچن ٹنڈولکر نے 2 مرتبہ 1996 اور 2003 میں یہ سنگ میل عبور کیا،دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو ہیڈن، مہیلا جے وردھنے، مارٹن گپٹل، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ اورتلکارتنے دلشان شامل ہیں۔اس موقع پر آئی سی سی نے ٹکٹوں کی فروخت کا پروگرام بھی جاری کیا ہے۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شائقین کو 30 اپریل تک آئی سی سی کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کی ہدایت دی گئی ہے۔ یکم مئی کو اس حوالے سے پہلی جبکہ اگلی عوامی قرعہ اندازی جولائی میں ہوگی، اس کے بعد ستمبر میں ٹکٹوں کی عام فروخت شروع ہوگی۔واضح رہے کہ آئندہ برس منعقد شدنی میگا ایونٹ کیلئے 8 ٹیموں کا پہلے ہی اعلان ہوچکا ان میں میزبان انگلینڈ،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بنگلادیش، ہندوستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں۔رواں برس مارچ میں ہی ورلڈکپ کوالیفائرز سے دیگر2 ٹیموں کا انتخاب ہونا ہے، مارچ کے آخر میں تمام 48 میچز کی تفصیلات اور ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان کردیا جائے گا۔ ورلڈ کپ اگلے برس30 مئی تا 14جولائی ہوگا، یہ چوتھا موقع ہے جب انگلینڈ میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ شوپیس ایونٹ کی ٹکٹوں کیلیے مانگ بہت زیادہ رہنے کی توقع ہے،اس لئے ابتدائی 2مراحل میں ٹکٹیں قرعہ اندازی کے ذریعہ فروخت ہوںگی پھر عام فروخت شروع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT