Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / وزراء کی غیرحاضری ،حکومت کی معذرت خواہی

وزراء کی غیرحاضری ،حکومت کی معذرت خواہی

نئی دہلی ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت آج لوک سبھا میں معذرت خواہی پر مجبور ہوگئی کیونکہ وزیر ریلوے سریش پربھو اور ان کے جونیر منوج شرما غیرحاضر تھے جبکہ ایوان میں وقفہ سوالات ان کی وزارت کے بارے میں تھا۔ اسپیکر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں۔ یہ واقعہ وقفہ سوالات کے دوران پیش آیا جبکہ اسپیکر سمترا مہاجن نے ’’گو انڈیا اسمارٹ کارڈ‘‘ مسئلہ بحث کیلئے پیش کیا کہ وزارت ریلوے کی ایک پہل ہے کیونکہ نہ تو پربھو اور نہ سنہا ایوان میں موجود تھے۔ کانگریس ارکان نے ملک ارجن کھرگے کی زیرقیادت شدت سے احتجاج کیا اور جاننا چاہا کہ وزراء کیوں غیرحاضر ہیں جبکہ سوال ان کی وزارت سے متعلق ہے اور ایوان میں بحث کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ اسپیکر نے ابتداء میں کہا کہ وزیر سنہا کو طلب کیا جائے کیونکہ یہ مناسب نہیں ہیکہ وہ ایوان چھوڑ کر چلے جائیں جبکہ ان کو نامزد کرتے ہوئے ایک سوال ان کے خلاف کیا گیا ہے۔ کانگریس ارکان نے احتجاج جاری رکھا اس پر سمترا مہاجن نے کہا کہ ان کے متبادل محدود ہیں۔ وہ کیا کرسکتی ہیں۔ کیا سنہا کو پھانسی دے دیں کیونکہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔ کھرگے نے کہاکہ یہ پہلی بار نہیں ہے  جبکہ وزارتوں کے بارے میں معاملات پر بحث ہورہی ہو اور متعلقہ وزیر غیرحاضر ہوں۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے غلطی کا اعتراف کیا اور سنہا ایوان پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ ان کی وزارت سے متعلق سوال بحث کیلئے اتنی جلد پیش نہیں کیا جائے گا۔
نائیڈو نے وزیر ریلوے سے سوال کا جواب دینے کیلئے کہا۔ اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات کے دوران چاہے سوال بحث کیلئے پیش کیا جائے یا نہیں متعلقہ وزیر کو ایوان میں موجود رہنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT