وزیراعظم سے انڈونیشیاء کے وزیرصیانتی امور کی ملاقات

پہلی بار ہند ۔ انڈونیشیا ء صیانتی مذاکرات ، دہشت گردی سے جنگ کا عہد

نئی دہلی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسیان ممالک کے سربراہان مملکت کا یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر ہندوستان کے میزبان بننے سے چند دن قبل انڈونیشیاء کے وزیرصیانتی امور نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انڈونیشیاء آسیان کا ایک رکن ملک ہے۔ اپنی ملاقات کے دوران سیاسی، قانونی، صیانتی امور انڈونیشیاء کے رابطہ کار وزیر نے وزیراعظم کو یاد دہانی کی کہ صدر انڈونیشیاء جوکووڈوڈو ڈسمبر 2016ء میں ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ مودی نے کہا کہ وہ صدر وڈوڈو کا جاریہ ماہ کے اواخر میں ہندوستان میں دوبارہ استقبال کرنے کے منتظر ہیں جبکہ آسیان ممالک کے قائدین ہندوستان پہنچیں گے اور آسیان ۔ ہند یادگار چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہ یوم جمہوریہ تقاریب میں خصوصی مہمان بھی ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بحری پڑوسیوں کی حیثیت سے ہندوستان اور انڈونیشیاء کے معاشی ترقی اور بحری صیانت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے ہندوستان اور اڈونیشیاء کے درمیان پہلی بار صیانتی مذاکرات پر اظہارمسرت کیا۔ دونوں ممالک نے اتفاق رائے کیا کہ صیانت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ مشیر قومی سلامتی اجیت دوول ہندوستانی وفد کے اور رابطہ کار وزیر برائے سیاسی، قانونی اور صیانتی امور انڈونیشیاء ایچ ویرانٹو انڈونیشیائی وفد کی قیادت کررہے تھے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ دونوں ممالک صیانت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں باہمی تعاون سے اتفاق کرچکے ہیں۔ بات چیت سے قبل وزارت خارجہ انڈونیشیاء نے کہا تھا کہ دونوں ممالک سائبر صیانت اور انسداد دہشت گردی کوششوں کے علاوہ منظم جرائم میں انقلابی تبدیلی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ آج کے مذاکرات انڈونیشیاء اور ہندوستان کے دفاعی شراکت داری کو مختلف اہم شعبوں میں بشمول دفاع، صیانت، معیشت اور بحری جہاز رانی میں دونوں ممالک کے تعاون سے اتفاق کرنے کے بعد اور ہند ۔ انڈونیشیاء مشترکہ کمیشن کے جکارتہ میں گذشتہ ہفتہ انعقاد کے بعد عمل میں آئے ہیں۔ مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیرخارجہ ہندوستان سشماسوراج نے بھی شرکت کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT