Monday , November 19 2018
Home / عرب دنیا / وزیراعظم مودی دورۂ عمان پر نازاں، 8 باہمی معاہدوں پر دستخط

وزیراعظم مودی دورۂ عمان پر نازاں، 8 باہمی معاہدوں پر دستخط

عمان کے مرحلہ کیساتھ وزیراعظم ہند کے سہ قومی دورے کا اختتام ، سلطان قابوس اور عمانی عوام کی پرجوش تائید و حمایت پر اظہار تشکر
مسقط 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ عمان کو اُن کا دورہ اور تیل کی دولت سے مالا مال اِس خلیجی قوم کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اُن کی بات چیت باہمی روابط کے تمام پہلوؤں کو قابل لحاظ جہت عطا کریں گے۔ ’’عمان کا یہ دورہ مجھے آنے والے طویل وقت تک یاد رہے گا‘‘۔ مودی نے اپنے دو روزہ دورے عمان کے اختتام سے قبل یہ الفاظ ٹوئٹ کئے۔ اِس دورے میں دونوں ملکوں نے 8 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق معاہدہ شامل ہے۔ مودی نے کہاکہ اِس دورے سے ہمارے پُرجوش عوام کے درمیان صدیوں قدیم روابط کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے اور اِس سے تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق تعلقات کے بشمول تمام شعبوں میں ہماری شراکت داری کو نمایاں رفتار حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے سلطان قابوس بن سعید السعید کا شکریہ ادا کیاکہ اُنھوں نے نہایت گرمجوشانہ انداز میں میزبانی کی اور دوستانہ روش اختیار کی جیسا کہ آپ نے شخصی دلچسپی لے کر تمام معاہدوں کو قطعیت دینے میں مدد کی ہے، جس نے میرے دورہ عمان کو نہایت یادگار دوروں میں شامل کیا ہے۔ مودی نے سلطان اور عمان کے عوام سے بھی اظہار تشکر کیاکہ اُنھوں نے بھرپور تائید و حمایت، خیرسگالی اور اخوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں عمان میں آپ کے 50 سالہ عنان اقتدار کے موقع پر یہاں دورہ کرتے ہوئے بہت مسرت ہوئی ہے۔ اِس پڑاؤ کے ساتھ مودی نے فلسطین، یو اے ای اور عمان کو اپنے سہ قومی دورے کا اختتام کیا ہے۔ وہ اپنے اس دورے کے آخری مرحلہ پر دوبئی سے یہاں پہونچے تھے اور گزشتہ شب سلطان قابوس کے ساتھ وسیع تر موضوعات پر بات چیت منعقد کی۔ اِس میٹنگ کے دوران سرکاری عمان نیوز ایجنسی کی اطلاع کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون کے کئی پہلوؤں اور دونوں کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر سیر حاصل بات چیت کی گئی۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کیاکہ عمان کے سلطان قابوس کے ساتھ وزیراعظم مودی کی زیرقیادت وفد سطح کی بات چیت کے ذریعہ ہمارے باہمی رشتے میں نئی بلندیوں کی طرف پیشرفت شروع ہوئی ہے۔ دونوں کلیدی پارٹنرس نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع و سلامتی، فوڈ سکیورٹی اور علاقائی مسائل پر تعاون کو مضبوط کرنے پر غور و خوض کیا۔ سلطان قابوس نے عمان کی ترقی میں ہندوستانی شہریوں کی دیانتدارانہ اور مخلص کوشش کا اعتراف کیا اور سراہا۔ بات چیت کے بعد دونوں فریقوں نے 8 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں سیول اور کمرشیل اُمور میں لیگل اور جوڈیشیل نوعیت کے تعاون کے بارے میں یادداشت مفاہمت شامل ہے۔ اُنھوں نے ایک اور معاہدہ پر بھی دستخط کئے جو سفارتی، خصوصی، سرویس اور افیشل پاسپورٹس رکھنے والوں کو ویزا سے باہمی طور پر استثنیٰ دیئے جانے سے متعلق ہے۔ صحت، سیاحت کے شعبے میںبھی تعاون پر یادداشت مفاہمت پر دستخط کی گئی۔ہندوستان کے سفیر اندرا من پانڈے نے کہاکہ اِن معاہدوں سے دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون بڑھے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی کمپنیوں کی عمان میں نمایاں موجودگی ہے۔

TOPPOPULARRECENT