Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم مودی کا ایک اور دورۂ گجرات ، آج کئی پراجیکٹوں کا افتتاح

وزیراعظم مودی کا ایک اور دورۂ گجرات ، آج کئی پراجیکٹوں کا افتتاح

احمدآباد۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی انتخابات والی ریاست گجرات کا اس ماہ تیسری مرتبہ دورہ کریں گے جہاں وہ اضلاع بھاؤ نگر اور وڈوڈرا میں کئی پراجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور بعض دیگر کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مودی 615 کروڑ روپئے لاگتی فیری سرویس ’رو ۔ رو‘ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔ یہ سرویس خلیج کامبے میںبھاؤ نگر کے گھوگھا اور بہڑوچ کے داہیج کے درمیان کام کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ کشتیوں پر مبنی یہ سرویس دونوں ٹاؤنس کے درمیان 310 کیلومیٹر کے فاصلے کو جو سڑک کے راستے ہوتا ہے، بحری رہگذر سے محض 30 کیلومیٹر تک گھٹا دے گی۔ یہ ان کا ’’ڈریم پراجیکٹ‘‘ ہے اور دوشنبہ کو گاندھی نگر میں وہ ایک اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ اس سرویس کا دوسرا مرحلہ دو ماہ میں تیار ہوجائے گا اور وہ بھی یہی دو ٹاؤنس کے درمیان کام کرے گا۔ مودی نے جنوری 2012ء میں جب وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے، اس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ وڈوڈرا میں مودی 1,140 کروڑ روپئے مالیت کے 8 مختلف پراجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ وڈوڈرا میونسپل کمشنر ونود راؤ نے کہا کہ وزیراعظم 100 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر شدہ سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بدامادی گارڈن میں آغاز کریں گے۔ 125 کروڑ روپئے کے جن محل سٹی ٹرانسپورٹ سنٹر اور ملٹی لیول پارکنگ کی شروعات بھی کریں گے نیز بعض دیگر پراجیکٹوں کا افتتاح انجام دیں گے۔ وہ وڈوڈرا میں بھی عوام سے خطاب کریں گے۔ مودی نے آخری مرتبہ وڈوڈرا کا دورہ گزشتہ سال 22 اکتوبر کو کیا تھا۔ 2014ء کے لوک سبھا الیکشن میں ان کے دو حلقوں ایک وڈوڈرا رہا تھا اور بعد میں وہ وارناسی کو برقرار رکھتے ہوئے وڈوڈرا کے حلقہ سے دستبردار ہوگئے۔ وزیراعظم نے گزشتہ دوشنبہ کو بھی گجرات کا دورہ کیا تھا جب انہوں نے گاندھی نگر میں منعقدہ ریالی میں بی جے پی ورکرس سے خطاب کیا تھا۔ اس سے قبل مودی 8 اکتوبر کو اپنے آبائی ٹاؤن واڈ نگر گئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے راجکوٹ، واڈنگر، گاندھی نگر اور بہڑوچ میں مختلف پراجیکٹوں کیلئے سنگ بنیاد رکھے تھے۔ ان کے دوروں کی اس لئے اہمیت ہے کیونکہ گجرات میں اسمبلی انتخابات ڈسمبر میں ہونے والے ہیں۔ گزشتہ ماہ مودی نے اپنے جاپانی ہم منصب شینزو آبے کی میزبانی کرتے ہوئے بلٹ ٹرین پراجیکٹ کا آغاز بھی کیا تھا۔ مودی نے اپنی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر دریائے نرمدا پر سردار سرور ڈیم کو قوم کے نام معنون بھی کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT