Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم مودی کی قیادت میںدوسری عالمی یوم یوگا تقاریب

وزیراعظم مودی کی قیادت میںدوسری عالمی یوم یوگا تقاریب

ملک بھر میں خصوصی یوگا پروگرام، ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے یوگا ضروری

چندی گڑھ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے دوسرے عالمی یوم یوگا تقاریب کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ یوگا ایک اچھا اور بہترین عمل ہے۔ اس سے ذیابیطس کا عارضہ ختم ہوتا ہے۔ موروتی روحانی ڈسپلن کے ذریعہ عوام شکر کی بیماری سے دور رہ سکتے ہیں۔ نریندر مودی نے سفید ٹی شرٹ اور پینٹ پہن کر گلے میں گلوبند ڈال کر دفاعی فورس کے عملہ اور اسکولی طلباء کے بشمول 30,000 افراد کی موجودگی میں یوگا آسن کئے اور دوسرے عالمی یوم یوگا تقاریب کی قیادت کی۔ اس موقع پر چندی گڑھ میں سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعظم مودی جو کل رات یہاں پہنچے تھے مشترکہ یوگا پروٹوکول کے بڑے پیمانے پر منائے جانے والے یوگا میں حصہ لیا اور خود بھی یوگا کے مختلف آسن انجام دیئے۔ ان کے ساتھ ساتھ یوگا تقریب میں شریک ہزاروں افراد نے بھی وزیراعظم کے ساتھ یوگا آسن کئے۔ تمام عمر کے تقریباً 30,000 افراد نے شرکت کی۔ ان میں سے چندی گڑھ سے 10,000 اور پنجاب و ہریانہ سے 10,000 افراد آرہے تھے۔ اس کے علاوہ چندی گڑھ کے دیگر مقامات پر بھی یوگا تقاریب منعقد ہوئیں۔

اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یوگا کے ذریعہ مرض شوگر سے بچا جاسکتا ہے۔ میں یوگا کی تربیت دینے والوں سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی جانب سے جتنا ممکن ہوسکے عوام میں بیداری پیدا کریں۔ یوگا اور ذیابیطس کو ایک دوسرے مربوط کرکے دیکھا جانا چاہئے۔ اس موضوع پر عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ اگر لوگ یوگا کو اختیار کریں گے تو مرِض شوگر سے دور رہیں گے یا اس سے افاقہ پائیں گے۔ یوگا شعبہ سے وابستہ تمام افراد کی ذمہ داری ہیکہ وہ یوگا کے بارے میں جو کچھ علم رکھتے ہیں یہ عوام تک پہنچائیں اور اپنی یوگا سرگرمیوں کو جاری رکھیں گے۔ شوگر کے مریضوں میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مودی نے یوگا ٹرینرس سے کہا کہ وہ مرض شوگر پر قابو پانے پر خاص توجہ دیں۔ ہندوستان میں اس مرض سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ ہم اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکیں گے یا نہیں یہ الگ بات ہے لیکن یوگا سے اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے یوگا پروگرامس کے اس قدر بڑے پیمانے پر انتظام و انصرام کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

 

1700حاملہ خواتین کا اجتماعی یوگا
نیا عالمی ریکارڈ
احمد آباد، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام)تقریبا 1700 حاملہ خواتین نے آج دوسرے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر گجرات کے راج کوٹ شہر میں ایک ساتھ یوگا کر کے چین میںاسی ماہ بنے حاملہ خواتین کے اجتماعی یوگا کی گنیز ورلڈ ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کی۔چین کے انھوئی کے ھیفئي کے ایک اسپتال میں گزشتہ 5 جون کو 913 حاملہ خواتین نے ایک ساتھ یوگا کر کے حاملہ خواتین کے یوگا کرنے کا گنیز ورلڈریکارڈ بنایا تھا۔راج کوٹ کے کلکٹر وکرانت پانڈے نے بتایا کہ تقریبا 1700 خواتین نے کالاواڈ روڈ کے سوامی نارائن آڈیٹوریم میں ایک ساتھ یوگا کیا۔ اس سلسلے میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے انتظامیہ سے تمام ضروری اجازت لے لی گئی تھی اور طے معیار کے مطابق تمام شریک خواتین 12 ہفتے یا اس سے زیادہ وقت سے حاملہ تھیں کم از کم 30 منٹ یوگا کرنے کی بندش تھی پر سیشن اس سے کہیں زیادہ دیرتقریبا 47 منٹ تک چلا۔ اس میں ہری دوار کے ایک تسلیم شدہ یوگا انسٹرکٹر نے ڈاکٹروں کی موجودگی میں یوگا کرایا۔

 

بہار میں یوگا پروگرام منعقد نہیںکیا گیا
صرف بی جے پی قائدین نے ہی گاندھی میدان میں جمع ہوکر یوگا کیا
پٹنہ ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں نتیش کمار حکومت نے سرکاری طور پر کوئی یوگا پروگرام منعقد نہیں کیا۔ عالمی یوم یوگا تقریب کے موقع پر آج ساری دنیا میں یوگا کی پریکٹس ہورہی ہے مگر بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار نے سرکاری اسکولوں میں یوگا تقریب منانے کا اعلان نہیں کیا۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی کہ انہوں نے عالمی یوگا تقریب میں شرکت کرکے اس یوگا کو عالمی درجہ پر فروغ دیا ہے۔ بہار، پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقدہ یوگا تقریب میں روی شنکر پرساد، گری راج تشدد، رام کرپال یادو نے بھی شرکت کی۔ ریاست کے دیگر شہروں میں علحدہ علحدہ پروگرامس منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یوگا ایک جسمانی صحت کی بہترین ورزش ہے۔ عوام کے اندر اتحاد کو فروغ دینے کیلئے بڑے بڑے اجتماعی یوگا پروگرام منعقد کئے جانے چاہئے۔ مرکزی وزیر مملکت ایم ایس ایم ای گری راج سنگھ نے بھی یوگا سیشن میں حصہ لیا جبکہ ان کے رفیق کار رام کرپال یادو نے مظفرپور میں یوگا تقریب میں شرکت کی۔ بہار میں سرکاری طور پر یوگا تقریب نہ منانے پر انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ نتیش کمار کو وزیراعظم مودی سے ناراضگی ہے لیکن یوگا کے ساتھ انہیں ایسا رویہ نہیں اختیار کرنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT