Sunday , September 23 2018
Home / سیاسیات / وزیراعظم مودی کے اعداد و شمار پر اعتراض

وزیراعظم مودی کے اعداد و شمار پر اعتراض

یو پی اے حکومت کی ایف ڈی آئی کا حوالہ ، راج ببر کا بیان
نئی دہلی۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے اس دعویٰ کو کہ گذشتہ سال ملک میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کا ریکارڈ قائم ہوا ہے، اعتراض کیا۔ کانگریس قائد راج ببر نے کہا کہ مودی کو معیشت کی ابتر صورتحال کے بارے میں بھی کچھ کہنا چاہئے تھا۔ وزیراعظم نے آج کہا کہ ملک میں تازہ سرمایہ کاری بلند ترین ہے ایسا معلوم ہوتا ہیکہ یہ ادھوری سچائی ہے۔ قبل ازیں پہلی پی آئی او ۔ پارلیمنٹیرین چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا ’’ہندوستان بدل رہا ہے۔ ہندوستان میں انقلابی تبدیلی آرہی ہے۔ ہندوستان پیشرفت کرچکا ہے۔ 60 ارب امریکی ڈالر مالیتی ایف ڈی آئی گذشتہ سال ملک میں آچکی ہے‘‘۔ راج ببر نے کہا کہ وزیراعظم کو ان ہندوستانی نژاد افراد کا بھی تذکرہ کرنا چاہئے تھا جنہوں نے 2014ء میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورحکومت میں تازہ سرمایہ کاری کی تھی جس کی مالیت 16.02 لاکھ کروڑ روپئے تھی۔ 2017ء میں جس میں انحطاط پیدا ہوا اور یہ 7.9 لاکھ کروڑروپئے ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ وزیراعظم تمام کیلئے اطمینان بخش اعداد و شمار پیش کرتے۔ راج ببر نے یہ بھی کہا کہ پیداواری شعبہ میں ترقی میں کمی آئی ہے اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی بحرین کے دورہ پر ہیں اور عوام کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا جس میں سنیما ہالس میں قومی ترانہ بجانے کو لازمی نہیں بلکہ اختیاری قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کا حوالہ دیئے بغیر کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے منعطف کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT