Friday , November 24 2017
Home / سیاسیات / وزیراعظم نریندر مودی کے موقف سے انحراف وزیر نے یو پی اے کی نریگا اسکیم کی غیرمعمولی تعریف کی

وزیراعظم نریندر مودی کے موقف سے انحراف وزیر نے یو پی اے کی نریگا اسکیم کی غیرمعمولی تعریف کی

نئی دہلی ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے چند ماہ قبل نریگا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے یو پی اے کی ناکامیوں کی ’’زندہ یادگار‘‘ قرار دیا تھا لیکن اب ان کی حکومت کے وزیر نے اس اسکیم کی غیرمعمولی ستائش کی ہے۔ منسٹر آف اسٹیٹ دیہی ترقیات سدرشن بھگت نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں بتایا کہ روزگار فراہم کرنے والی اس اسکیم سے دیہاتوں میں نقل مقام میں کمی اور غریب عوام میں اجرتوں کے معیار میں اضافہ کرنے میں کافی مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں بشمول جھارکھنڈ میں نریگا کے سبب دیہی غریب عوام کے نقل مقام میں کمی ہوئی ہے۔ غیرموسمی حالات میں دیہی معیار زندگی میں مثبت تبدیلی آئی اور شفافیت کا معیار بھی کافی بلند ہوا ہے۔ وہ تین بی جے پی ارکان پارلیمنٹ ورون گاندھی، پشوپتی ناتھ سنگھ اور ہریش چندر کے سوالات کا جواب دے رہے تھے کہ نریگا کے نتیجہ میں محنت کش طبقہ کے معیار زندگی میں بہتری آئی یا نہیں۔ وزیر نے اس اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مالیاتی موقف بہتر ہوا اور گرام پنچایتوں کو استحکام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریگا کی وجہ سے دیہی علاقوں میں اجرتوں کی سطح میں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں غریب ترین افراد کی آمدنی کی سطح بھی بڑھ گئی اور ان کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئی اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی فاضل اراضیات پر کاشتکاری میں مدد ملی۔

TOPPOPULARRECENT