Monday , October 22 2018
Home / ہندوستان / وزیراعظم نے استاد کے طورپر دس کروڑ طلبا کو سبق پڑھایا

وزیراعظم نے استاد کے طورپر دس کروڑ طلبا کو سبق پڑھایا

نئی دہلی، 16فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ملک کے دس کروڑ بچوں کو امتحان میں ذہنی تناؤ کم کرنے کا سبق پڑھاتے ہوئے ان میں خوداعتمادی پیدا کرنے ، اپنے ساتھیوں سے مقابلہ کرنے کی بجائے اپنے سے مقابلہ کرکے خودکو بہتر بنانے اور نمبروں کے پیچھے نہ بھاگنے کا مشورہ دیا۔ مودی نے طلبا کو زندگی میں کچھ انوکھا کرنے اور سماج کے لوگوں کو جاننے اور انہیں سمجھنے کی بھی صلاح دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے والدین کو اپنے بچوں کا موازنہ دوسروں سے نہ کرنے کی ہدایت دی اور اساتذہ سے طلبا کے ساتھ جذباتی رشتہ قائم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔انہوں نے آج دارالحکومت کے تالکٹورہ اسٹیڈیم کے مکمل طورپر کھچا کھچ آڈیٹوریم میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے یہ کلاس لی۔ انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود طلبا کے علاوہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پورے ملک کے مختلف شہروں کے طلبا اور ٹی وی چینلوں کے ذریعہ بھی طلبا کے سوالات کے جواب دے ئے ۔ ۔اس موقع پر انسانی وسائل کوفروغ کے وزیر پرکاش جاوڈیکر ، وزیرقانون روی شنکر پرساد، صحت کے وزیر جے پی نڈا، سائنس و تکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، ثقافت کے وزیر مہیش شرما، وزیراعظم کے دفتر کے وزیرمملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے علاوہ انسانی وسائل کو فرو غ کے وزیرمملکت اپندر کشواہا اور ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے آڈیٹوریم کے اسٹیج سے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ وزیراعظم کے طورپر نہیں بلکہ آپ کے دوست کے طورپر آپ سے بات چیت کرنے آئے ہیں۔ یہ ایک وزیراعظم کا پروگرام نہیں ہے ۔ یہ دس کروڑ بچوں کا پروگرام ہے ، آپ لوگ میرے ممتحن ہیں۔ پتہ نہیں آپ لوگ مجھے کتنے نمبر دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ میں آپ کا دوست ہوں، آپ کے کنبہ کا دوست ہوں، آپ کے سرپرستوں کا دوست ہوں۔ آج میرا امتحان ہونے والا ہے اور آپ لوگ آج میرا امتحان لینے والے ہیں۔ پورے ملک کے دس کروڑ سے زیادہ بچو ں ، ان کے رشتہ داروں اور اساتذہ سے روبرو ہونے کی خوش نصیبی مجھے حاصل ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے اساتذہ کی تعلیم کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کے اساتذہ نے انہیں ابھی بھی طالب علم بنا رکھا ہے ۔ ان کے اندر کے طالب علم کو برقرا ررکھا ہے اور مجھے بڑی تعلیم یہ ملی کہ اپنے اندر کے طالب علم کو مرنے مت دینا اندر کا طالب علم زندہ رہتا ہے تو اس سے جینے کی طاقت ملتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT