Monday , June 25 2018
Home / دنیا / وزیراعظم پاکستان عباسی کی پرچنڈہ سے ملاقات، سارک اہم موضوع

وزیراعظم پاکستان عباسی کی پرچنڈہ سے ملاقات، سارک اہم موضوع

کھٹمنڈو ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیپال کے دورہ پر آئے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آج نیپال کے ماؤسٹ سربراہ پرچنڈہ سے ملاقات کی اور ان سے دورخی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سارک کو مزید مؤثر بنانے کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ عباسی نے سی پی این (ماؤسٹ سنٹر) کے صدرنشین پرچنڈہ سے دارالحکومت کھٹمنڈو میں آج صبح ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرچنڈہ نے کہا کہ نیپال اور پاکستان کے بہتر تعلقات اور دیگر باہمی مفادات کے موضوعات زیربحث آئے جس کا سلسلہ 45 منٹ تک جاری رہا جس میں باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اہم ترین موضوع تھا۔ پرچنڈہ نے ساؤتھ ایشین اسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن (SAARC) کو اس کے تمام رکن ممالک کی جانب مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ یاد رہیکہ 19 واں سارک اجلاس جو اسلام آباد میں ماہ نومبر 2016ء میں منعقد شدنی تھا۔
تاہم اڑی میں ہوئے دہشت گرد حملہ میں پاکستان کو ملوث بتاتے ہوئے ہندوستان نے اس سارک اجلاس میں شرکت کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے بعد مزید تین رکن ممالک نے ہندوستان کی تائید کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا اور نتیجہ یہ ہوا تھا کہ سارک اجلاس کو ہی منسوخ کرنا پڑا تھا۔ عباسی نے ملک کی صدر بدیا دیوی بھنڈاری سے بھی خیرسگالی ملاقات کی جبکہ کل انہوں نے اپنے نیپالی ہم منصب کے پی شرما اولی سے بھی ملاقات کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT