Friday , December 15 2017
Home / دنیا / وزیرخارجہ ہندوستان کا دو روزہ دورہ بنگلہ دیش

وزیرخارجہ ہندوستان کا دو روزہ دورہ بنگلہ دیش

بنگلہ دیشی قیادت ‘ دانشوروں اور اپوزیشن سے تبادلہ خیال
ڈھاکہ ۔ 22اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہندوستان سشما سوراج آج دو روزہ دورہ بنگلہ دیش پر ڈھاکہ پہنچیں گی اور مشترکہ مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گی تاکہ باہمی تعلقات کا جائزہ لیا جاسکے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقے ڈھونڈے جاسکے ۔ سشماسوراج ایک خصوصی ہندوستانی طیارہ کے ذریعہ بنگلہ دیش پہنچیں گی ‘ ان کا استقبال وزیرخارجہ بنگلہ دیش اے ایچ محمد علی بنگلہ دیش فوجی فضائی اڈہ ڈھاکہ پر کریں گے ۔ سرکاری عہدیدار کے بموجب دریائے تیستا کا معاہدہ اور روہنگیا بحران کے علاوہ دیگر مسائل پر سشما سوراج وزیر خارجہ بنگلہ دیش سے بات چیت کریں گی ۔ وہ توقع ہے کہ بنگلہ دیش کی قیادت سے ملاقات کر کے صف اول کے بنگلہ دیشی دانشوروں سے بھی بات چیت کریں گی ۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور کلچرل تنظیموں سے بھی ان کا تبادلہ خیال ہوگا ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن کے بیان کے بموجب وزارت خارجہ بنگلہ دیش کے عہدیداروں نے کہا کہ سشما سوراج وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد ‘ اہم اپوزیشن قائد روشن ارشاد ( جاتیہ پارٹی ) اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء سے آج بعد ازاں ملاقات کریں گی ۔ امکان ہے کہ سشما سوراج دو مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گی تاکہ ایک مشترکہ سہولیاتی مرکز چھوٹی اور اوسط صنعتوں کیلئے قائم کیا جائے ۔ جنوب مغربی بنگلہ دیشی شہر کُھلنا میں اس مرکز کے قیام کا امکان ہے ۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنگلہ دیش برآمد پر بھی بات چیت ہوگی ۔ امکان ہے کہ سشماسوراج 15 ترقیاتی پراجکٹس کا افتتاح کریں گی جن کیلئے مالیہ حکومت ہند فراہم کررہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT